سابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16 ماہ کا اقتدار تاریخ کا مشکل ترین دور تھا۔ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے بھاری ذمہ داری سے سرخرو کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا مشہود سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور معاشی خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار فرمائے، ہم نے ملک کی معاشی خود انحصاری کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر رانا مشہود نے سابق وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ اس کے علاوہ ملکی اور خارجی بحرانوں سے بھی نکالا جس پر آپ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
رانا مشہود نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان اور عوام کی مخلصانہ خدمت کی روایت کو برقرار رکھا۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف اور رانا مشہود کے درمیان ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے رانا مشہود کی ملک اور پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور ان کے جذبات پر شکریہ ادا کیا۔