اسمبلی کی کارروائی کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا، راجا پرویز کا لاہور ہائیکورٹ میں جواب

منگل 14 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر پرویز اشرف نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر راجا ریاض کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو جواب داخل کرانے کے لیے مہلت دے دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اپنا جواب جمع کراتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی کو عدالت کے فورم پر چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

وفاقی حکومت اور دیگر فریقین نے جواب کے لیے وقت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے حکومت کو آخری موقع دیتے ہوئے کارروائی 28 فروری تک ملتوی کر دی۔

درخواست میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر راجا ریاض کی تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے جولائی میں تحریک انصاف کے راہنماء راجا ریاض کو قومی اسمبلی کا قائد حزب اختلاف مقرر کیا تھا جس کے خلاف شہری منیر احمد نے درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔

درخواست میں اہم قانونی اور آئینی نکات اٹھائے گئے ہیں تاہم اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت کی معاونت کریں۔

درخواست میں راجا ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست میں اسپیکر کے آئینی کردار ادا نہ کرنے اور اپوزیشن لیڈر کی ممبران کی عددی اکثریت پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔

درخواست میں تحریک انصاف کے ممبران کے استعفے منظور نہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا گیا جبکہ درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر کے تقرر میں غیر قانونی راستہ اختیار کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp