لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد تحریک انصاف کی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سمیت سابق وزیر اعظم عمران خان کی 2 بہنوں کی عبوری ضمانتوں میں 2 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر اپنی عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے جہاں مقدمے کی سماعت جج اعجاز بٹر نے کی۔ عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان بھی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئیں۔
مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت دو مقدمات میں نامزد سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل کی جانب سے حاضری سے معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے۔
انسداد دہشتگری عدالت کے جج اعجاز بٹر نے شاہ محمود قریشی ،اسد عمر ، علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانتوں میں 2 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء سے حتمی دلائل طلب کرلیے ہیں۔
دوسری جانب عدالت نے سابق رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔