’ایک ریکوئسٹ کی ہے‘، پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کی نوازشریف سے ملاقات

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل جو گزشتہ کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم سے دور ہیں اور مختلف انٹرویوز میں شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ وہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے۔ اپنی مختلف پوسٹ اور بیانات کی وجہ سے اکثر وہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں بھی رہتے ہیں۔

عمر اکمل ٹیم میں واپس شمولیت کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں، اور ان کی مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے لندن میں ملاقات بھی ہوئی ہے۔

ملاقات کے بعد عمر اکمل نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات بہت اچھی رہی۔ میاں صاحب سے ایک درخواست کی ہے اور امید ہے وہ درخواست قبول ہو گی، مجھے موقع ملا تو انٹرنیشنل کرکٹ بھی کھیلوں گا۔

عمر اکمل کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد سماجی رابطوں کی سائیٹ ’ایکس‘ پر ان کو صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

حذیفہ خان نامی صارف نے لکھا کہ فہیم اشرف کے بعد عمر اکمل نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی ہے، لگتا ہے عمر اکمل کی درخواست جلد قبول ہو جائے گی اور وہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپس آ جائیں گے۔

شاہزیب علی نے عمر اکمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ پہلے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اب نواز شریف سے، عمر اکمل کا 2016 سے  2023 تک کا سفر یہ تھا۔

ایک صارف نے عمر اکمل کے ساتھ ساتھ نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کرکٹ کی کلاسیں کب سے لینی شروع کی ہیں؟ ان کی تو اپنی درخواست اس وقت کہیں اور پڑی ہوئی ہے، اور عمر اکمل کسی وزار کے چکر میں آیا ہو گا۔

راشد شکور نے کہا کہ یہ سب سیاسی سہارے کیوں تلاش کرتے ہیں؟ پہلے اختر رسول، شکیل عباسی اور اب عمر اکمل کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ عمر اکمل نے تو عمران خان سے ملاقات میں بھی شکوہ کیا تھا کہ ٹیم مجھے اوپر کے نمبرز پر نہیں کھلاتی آپ کوچ سے سفارش کریں اور اب نواز شریف سے ٹیم میں واپسی کی سفارش کرنے آئے ہیں۔

مہوش نامی صارف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پہلے سیاست اور اب میاں صاحب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بھی سیٹوں اور عہدوں کی بند بانٹ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی اطلاع نا دینے پر معطل کیا گیا تھا جس پر کرکٹر نے معافی بھی مانگی تھی، قومی کرکٹر کو 2020 میں پی سی بی نے تمام کرکٹ سرگرمیوں سے روک دیا تھا۔

بعد ازاں عمر اکمل کو 2021 میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp