چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی، بشریٰ بی بی نے انکوائری کا مطالبہ کر دیا

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے ہوم سیکرٹری پنجاب کو لکھے گئے خط میں اپنے شوہر اور چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے ہوم سیکرٹری پنجاب کے سامنے 4 مطالبات رکھے ہیں۔

میرے شوہر کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہا عدالت نے میرے شوہر کو اڈیالہ جیل منتقلی کی ہدایت کی تھی،  بغیر کسی جواز کے میرے شوہر کو اٹک جیل میں قید کر رکھا ہے، قانون کے مطابق میرے شوہر کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے۔

خط میں کہا گا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، سابق وزیراعظم اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے گریجویٹ ہونے کے ناتے بی کلاس مہیا کی جائے۔

اٹک جیل میں بنیادی سہولیات میسر نہیں

بشریٰ بی بی کے مطابق میرے شوہر جن عہدوں پر فائز رہے ہیں اس حساب سے سہولیات اٹک جیل میں میسر نہیں، اٹک جیل میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں جو میرے شوہر کے عہدے کے مطابق ہوں۔ میرے شوہر پر دو بار قاتلانہ حملہ ہوچکا، ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوئے۔

گھر کے کھانے کی اجازت دی جائے

خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جان کو اب بھی خطرہ ہے، خدشہ ہے میرے شوہر کو اٹک جیل میں زہر نہ دے دیاجائے، سابق وزیراعظم ہونے کے ناتے میرے شوہر کو گھر کے کھانے کی اجازت دی جائے۔

بشریٰ بی بی کے مطابق جیل قوانین کے تحت 48 گھنٹے کے اندر تمام سہولیات دینی چاہیے تھیں جو 12 دنوں کے بعد بھی نہ دی گئیں۔

پرائیویٹ ڈاکٹر سے طبی معائنہ کروانے کا حق ہے

خط میں مزید کہا گیا کہ جیل قوانین کے مطابق میرے شوہر کو پرائیویٹ ڈاکٹر سے طبی معائنہ کروانے کا حق ہے، شوہر کو جیل قوانین کے مطابق سہولیات نہ دینے پر قانونی انکوائری کا مطالبہ کرتی ہوں، میرے شوہر کو بی کلاس، اڈیالہ جیل منتقلی، پرائیویٹ ڈاکٹر اور گھر کے کھانے کی اجازت دی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp