احمد علی بٹ ایک ملٹی ٹیلنٹڈ آرٹسٹ ہیں اور وہ ایک بڑے دل کے مالک بھی ہیں، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ زندگی میں آگے کیسے بڑھا جاتا ہے۔احمد علی ہمیشہ سے ایک اداکار اور میزبان کی حیثیت سے ناظرین کو تفریح فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور وہ ایک کامیاب فلم اسٹار بھی ہیں۔
احمد علی بٹ نے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز فواد خان کے ساتھ ’جٹ اینڈ بائینڈ‘ فلم سے کیا تھا اور اس کے بعد سے انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، وہ کہیں نا کہیں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہی نظر آئے۔
احمد علی بٹ نے سابق اداکارہ فاطمہ خان سے شادی کی ہے اور ان کے ہاں ایک خوبصورت بیٹا بھی ہے۔ شادی کے بندھن میں بندھا یہ جوڑا بہت ذہین اور ایک دوسرے سے بے پناہ محبت کرنے والا ہے ۔ دونوں میاں بیوی کسی بھی چیز کے بارے میں اپنی رائے کا اشتراک کرنے سے کبھی نہیں ہچکچاتے ۔
فاطمہ خان اور احمد کئی سالوں سے دوست تھے اور آخر کار شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ احمد علی بٹ نے پہلی بار ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی شادی کے بارے دلچسپ حقائق اپنے ناظرین کے ساتھ شیئر کیے۔
اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے احمد علی بٹ نے کہا کہ اچھی زندگی کا دارومدار اچھی ذہنیت پر ہوتا ہے۔ اگر آپ مثبت ہوں گے تو ہر کسی کو خوش رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔
احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ اچھے جیون ساتھی کا ملنا اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے اور فاطمہ خان نے ان کی زندگی میں آ کر انہیں اس نعمت سے نوازا اور میری مدد کی ۔ فاطمہ اس وقت بھی گھر اور ان کے بیٹے کی دیکھ بھال کرتی ہے جب وہ طویل عرصے تک شوٹنگ کے لیے گھر سے دور ہوتے ہیں۔
احمد علی بٹ نے فاطمہ خان سے شادی کے حوالے سے پہلی بار دلچسپ حقائق اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فاطمہ اور انہیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں 9 سال لگ گئے ۔ فاطمہ برطانیہ کی شہری تھی اور ان کی دوست بننے کے بعد وہ واپس لندن چلی گئیں۔ احمد بٹ کا کہنا ہے کہ ’میں اس بات پر ڈٹا رہا کہ ہمارا مستقبل ایک ساتھ ہی ہے اور ہم ایک دوسرے کے لیے ہی بنے ہیں چنانچہ وہ فاطمہ کو واپس پاکستان آنے پر راضی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ بالآخر فاطمہ واپس پاکستان آ گئیں اور ہماری 9 سال سے زیادہ عرصے تک کی دوستی شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔