سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے پنجاب میں منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی ۔
منحرف اراکین کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے پر اپیلیں غیرمؤثر ہو گئی ہیں۔عدالت عظمیٰ نے منحرف اراکین کی درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے اب تو پنجاب اسمبلی میں بحالی کی بات ہی ختم ہو گئی۔ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن انتخابات پر کیا کر رہا ہے؟
ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے بتایا گذشتہ روز گورنر پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا تھا۔ گورنر پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا قانون کا راستہ گورنر کو لینا ہے یا الیکشن کمیشن کو؟ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے جواب دیا قانونی راستہ گورنر کو ہی لینا ہے۔
جسٹس عائشہ ملک نے ریکارکس دیے الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مشورے کیوں کر رہا ہے؟ آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات سے پہلے گورنرز سے مشاورت کا پابند کرتا ہے؟
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا لاہور ہائی کورٹ نے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے اس پر عمل کریں۔ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا لاہور ہائی کورٹ نے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے تو اس پر عمل کریں۔