سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئندہ ہفتے کے لیے ججز کا روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی ہے، آئندہ ہفتے کے دوران مریم نواز، رانا ثنااللہ اور احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے کیسوں کی بھی سماعت ہو گی۔
عدالت عظمیٰ میں آئندہ ہفتے 4 بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے، پرنسپل سیٹ پر 3 بینچ جبکہ کراچی میں ایک بینچ تشکیل دیا گیا۔
مزید پڑھیں
پرنسپل سیٹ پر بینچ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہے جبکہ بینچ نمبر 2 جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہو گا۔ بینچ نمبر 3 میں جسٹس مظاہر علی اکبر اور جسٹس جمال خان مندو خیل شامل ہیں۔
کراچی رجسٹری میں بینچ جسٹس منیب اختر ،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل ہوگا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 18 اگست کو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست 22 دسمبر کے لیے مقرر کی تھی۔ یہ درخواست شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں نیب کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سینیئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی ضمانت منسوخی درخواست پر سماعت کرے گا۔
اس کے علاوہ سابق چیئرمین ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی نیب کی درخواست پر سماعت 25 اگست کو ہوگی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔