سندھ کے 10 نگراں وزرا کون ہیں؟

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کی 10 رکنی نگران کابینہ نے گورنر ہاؤس کراچی میں عہدوں کا حلف اٹھا لیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزرا سے حلف لیا۔ اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنما اور نگراں وزرا کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

نگراں وزیر برائے خزانہ اور پی اینڈ ڈی یونس ڈھاگا

نگراں وزیر خزانہ اور پی اینڈ ڈی بننے والے یونس ڈھاگا پی ٹی آئی دور میں سیکریٹری خزانہ رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ انہیں سیکریٹری ریونیو کا اضافی چارج بھی دیا گیا تھا۔ یونس ڈھاگا اس سے قبل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر اور وفاقی سیکریٹری تجارت تعینات تھے۔

نگراں وزیر برائے بلدیات مبین جمانی

نگران صوبائی وزیر برائے بلدیات مبین جمانی ملک کے مشہور صنعت کار ہیں، مبین جمانی آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

نگراں وزیر صحت و سماجی بہبود ڈاکٹر سعد خالد

نگراں وزیر برائے صحت و سماجی بہبود بننے والے ڈاکٹر سعد خالد نیاز گزشتہ 17 سال سے حکومتی سرپرستی میں چلنے والے سول اسپتال کراچی میں معدہ، جگر اور گیسٹرولوجی کی بیماریوں کے شعبے سے منسلک ہیں اور بلامعاوضہ کام کررہے ہیں۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز کو سال 2013 میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا، جو انہوں نے بطور احتجاج واپس کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ اگر عالمی وبا کے دوران انتھک خدمات انجام دینے حتیٰ کہ اپنی زندگیاں قربان کرنے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، ورکرز اور سائنسدانوں کو اعزاز نہیں دیا گیا تو میرے پاس اپنا سول ایوارڈ حکومت کو واپس کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

ڈاکٹر رعنا حسین وزیر برائے تعلیم اور امور خواتین

نگران وزیر تعلیم و امور خواتین رعنا حسین علم دوست شخصیت ہیں، ڈاکٹر رعنا حسین ضیاالدین میڈکل کالج کی پرنسپل ہیں، تعلیمی میدان میں سرگرم رہنے کے باعث ان کو تعلیم کا قلمدان سونپا گیا۔

نگراں وزیر داخلہ و جیل خانہ جات بریگیڈیئر (ر) حارث نواز

نگراں وزیر داخلہ و جیل خانہ جات بریگیڈیئر (ر) حارث نواز دفاعی تجزیہ کار ہیں۔ حارث نواز نے 32 سال پاک فوج میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیں۔ دفاعی امور کے ساتھ ساتھ ملکی سیاست پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔

وزیر کھیل، ثقافت اور یوتھ افیئرز ڈاکٹر جنید شاہ

وزیر کھیل، ثقافت و یوتھ افیئرز ڈاکٹر جنید علی شاہ معروف ڈاکٹر محمد علی شاہ کے فرند ہیں، ڈاکٹر محمد علی شاہ بھی سابق صوبائی وزیر رہ چکے ہیں، ڈاکٹر محمد جنید علی شاہ کراچی کے معروف ہڈیوں کے اسپتال اے او کلینک کے چیف ایگزیکٹیو کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں، پیشے کے اعتبار سے ہڈیوں کے سرجن ہیں۔

نگراں وزیر برائے سیاحت و ماحولیات ارشد ولی

نگراں وزیر برائے سیاحت و ماحولیات ارشد ولی ایئر لائن انڈسٹری کا بڑا نام ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معروف بزنس مین اور سماجی کارکن ہیں۔

نگراں وزیر برائے آبپاشی ایشور لعل

نگراں وزیر برائے آبپاشی ایشور لعل معروف صنعتکار ہیں، وہ سابق رکن سندھ اسمبلی رہے ہیں۔ ان کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ق سے تھا اور ہندو پنچایت کے اہم رکن بھی ہیں۔

نگراں وزیر برائے معدنیات و معدنی وسائل خدا بخش مری

نگراں وزیر برائے معدنیات و معدنی وسائل خدا بخش مری پاکستان کے معروف بزنس مین اور زمیندار ہیں۔

نگران وزیر برائے قانون بیرسٹر عمر سومرو

نگران وزیر برائے قانون بیرسٹر عمر سومرو کو محکمہ قانون، مذہبی امور اور انسانی حقوق کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ سابق صدر سندھ ہائی کورٹ بار رہ چکے ہیں، معروف قانون دان ہیں، بار اور بینچ کی سیاست میں ان کا کردار رہا ہے۔ ماضی میں پی ٹی آئی کے قریب رہنے والے بیرسٹر عمر سومرو سابق پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کے وکیل بھی رہے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کا انہیں ناقد سمجھا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp