آپ کو ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کا تصور کرنے کی ہمت کیسے ہوئی؟ عمران خان کا اٹک جیل سے بیان

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گزشتہ روز ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں عمران خان کی نشاندہی اٹک جیل، بیرک نمبر 3 اور قیدی نمبر 804 سے کی گئی، اور ان کے جرائم کی ایک طویل لسٹ بتائی گئی کہ جو بھی اس طرح کے جرائم کا مرتکب ہوگا اس کی آواز کو ایسے ہی دبا دیا جائے گا اور جیل میں ڈال دیا جائے گا۔

شیئر کی گئی ویڈیو کے مطابق ان کے جرائم کیا ہیں، ’عمران خان نے پاکستان کے لیے واحد ورلڈ کپ جیتا، کینسر کے 3 اسپتال بنائے، ایک دور دراز علاقے میں یونیورسٹی قائم کی، آپ نے اپنی آرام کی زندگی ترک کر دی اور اپنی قوم کو بیدار کرنے کے لیے پورے ملک میں دوڑ پڑے۔‘

عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں بتایا گیاکہ عمران خان کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ انہوں نے ’قوم کی آزادی کے ہے آواز اٹھائی، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے کی کوشش کی، تمام بڑے مافیاز کے ساتھ لڑنے اور نمٹنے کی کوشش کی، غریبوں کے تحفظ اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے، مدینہ کی ریاست کے قیام کا وژن پیش کیا، کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی۔‘

سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق عمران خان سنگین جرائم کے مرتکب ہوئے کیونکہ انہوں نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کردنیا کو بتایاکہ ’ہم مسلمان نبی آخر زمان محمد ﷺ سے کس قدر پیار کرتے ہیں‘۔ یہ کس قسم کا وژن ہے اور کس قسم کی سوچ ہے جس کی بنا پر جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔

ویڈیو پیغام میں یہ بھی بتایا گیاکہ عمران خان کی ہمت کیسے ہوئی کہ وہ ایسا سوچے کہ پاکستان ایک آزاد اور مختار ریاست ہونی چاہیے، عمران خان کون ہوتا ہے جو لوگوں کو بتائے کہ پاکستان علامہ اقبال کا ایک عظیم خواب تھا۔

’تم کون ہوتے ہو لوگوں کو کلمہ طیبہ کا مطلب بتانے والے، تمہاری ہمت کیسے ہوئی کہ تم لوگوں کو اپنے حق کے لیے ظالم کے سامنے کھڑے ہونے کی بات کرتے ہو۔‘

ویڈیو کے اختتام میں عمران خان کو باغی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ عمران خان کے بڑے جرائم ہیں یہی تو بغاوت ہے، اس کی سزا ضرور ملنی چاہیے،لہذٰا عمران خان کو جیل میں رکھنا ہوگا تاکہ اس کی آواز کو خاموش کر دیا جائے۔

واضح رہے عمران خان اس وقت توشہ خانہ کیس میں مجرم ثابت ہونے پر اٹک جیل کے بیرک نمبر 3 اور قیدی نمبر 804 کے طور پر 3 سال کی قید کاٹ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp