واٹس ایپ جلد 2 ایسے فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے، جن کا صارفین کو بے چینی سے انتظار ہے، پہلا، ہائی ڈیفینیشن (ایچ ڈی) کوالٹی میں تصاویر بھیجنا، اور دوسرا واٹس ایپ سٹیٹس پر کسی بھی پوسٹ کے کیپشن کو ایڈٹ کرنے کا آپشن موجود ہونا شامل ہے۔
مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا کے زیر انتظام چلنے والی مسجنگ ایپ واٹس ایپ اس وقت پوری دنیا میں سب سے زیادہ چلنے والی ایپلی کیشن میں شمار ہوتی ہے، تاہم اس کے صارفین کو ایچ ڈی کوالٹی تصویریں بھیجنے میں ہمیشہ سے مشکلات کا سامنا رہا ہے، اور ساتھ ہی جب کوئی پوسٹ سٹیٹس پر لگائی جائے تو ٹائپو کی غلطی کو دور کرنے کا کوئی آپشن موجود نہیں ہوتا تھا۔
واٹس ایپ نے صارفین کی مشکل کو آسان بنانے کے لیے 2 نئے فیچر متعارف کرا دیے ہیں تاہم ان کو کب سے پبلک کیا جائے گا اس بارے میں ابھی تک کوئی مختص تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔
ایک فیس بک پوسٹ میں سی ای او مارک زکر برگ نے بتایا کہ واٹس ایپ ایچ ڈی فوٹو کا فیچر شامل کیا جارہا ہے، یہ نیا فیچر صارفین کو تصویر کی ہائی ڈیفینیشن ریزولوشن کو محفوظ کرنے میں مدد دے گا چاہے تصویر اینڈرائیڈ، آئی او ایس یا پھر ویب سے بھیجی جائے۔
’ایچ ڈی تصاویر نیچے کی جانب بائیں ہاتھ پر ایک چھوٹے سے ایچ ڈی لوگو کے ساتھ سامنے آئیں گی۔‘
مارک زکر برگ کے مطابق ایپلی کیشن کے اپ ڈیٹ ہونے کے بعد یہ فیچر ’ایچ ڈی‘ آئیکون کے طور پر ایڈٹنگ ٹولز سے آگے واضح ہوگا۔ اس فیچر کو ٹیپ کرنے کے بعد اسٹینڈرڈ کوالٹی یا ایچ ڈی کوالٹی کا آپشن سامنے آئے گا۔
مزید پڑھیں
واٹس ایپ کے مطابق اسٹینڈرڈ کوالٹی کا انتخاب کرتے ہوئے تصاویر کو تیزی اور پائیدار طریقے سے بھیجنے کی یقین دہانی کی جاسکے گی۔
اگر صارفین کو ایچ ڈی فوٹو موصول ہو اور اس کا بینڈوتھ کمزور ہو تو صارف کو یہ اختیار ہوگا کہ آپ اس تصویر کو اسٹینڈرڈ کوالٹی یا ایچ ڈی کوالٹی میں موصول کرسکیں گے۔
دوسری جانب کیپشن کو ایڈٹ کرنے کی سہولت سے متعلق واٹس ایپ انتظامیہ نے بتایا کہ اس فیچر کے بعد صارفین کسی بھی کیپشن میں ٹائپو کی غلطی کو دور کرنے کے لیے 15 منٹ کے اندر اندرکیپشن تبدیل کر سکیں گے۔
اس سے قبل اگر صارفین کو اس قسم کی غلطی کا سامنا کرنا پڑ جاتا تھا تو کیپشن کے بجائے پوری پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا جس سے صارفین پریشان تھے۔


















