اسپین نے انگلینڈ کو ہرا کر پہلی بار فیفا کا ویمن فٹبال ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمن فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو ہرا کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا، اسپین نے انگلینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا، اسپین کی جانب سے کپتان اولگا نے پہلے ہاف کے 29ویں منٹ میں گول کر کے انگلینڈ پر برتری حاصل کر لی، جو بعد میں فتح کا سبب بنی۔

 

اسپین کی جانب سے دوسرے ہاف میں بھی شاندار کھیل کھیلا گیا، اسپین کی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔

اسپین کی کھلاڑی جینیفر ہرموسو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول اسکور کرنے کی کوشش کی تاہم انگلینڈ کی گول کیپر میری ایرپس نے ناکام بنا دیا۔

 

2023 کے فیفا ویمنز ورلڈ کپ فائنل کے بعد اسپین کی ایتانا بونماٹی کو فیفا گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انگلینڈ کی میری ایرپس کو 2023 فیفا ویمنز ورلڈ کپ فائنل کے بعد گولڈن گلوو ایوارڈ دیا گیا۔

2023 کے فیفا ویمنز ورلڈ کپ فائنل کے بعد ایوارڈ کی تقریب میں اسپین کی سلمیٰ پارالویلو کو فیفا کی بہترین نوجوان کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے اس سے قبل 2019 کے عالمی کپ کی فاتح امریکا تھی، جبکہ 2015 میں بھی امریکا کی ٹیم ہی ویمن فیفا ورلڈ کپ کی فاتح رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp