ریلویز اراضی پر تجاوزات کے خلاف آپریشنز ،1007 ایکڑ اراضی واگزار

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف مختلف آپریشنز کے دوران غیر قانونی قابضین سے لاکھوں روپے مالیت کی 1007 ایکڑ اراضی واگزار کروالی ہے۔

کسی صوبے میں کتنی زمین واگزار ہوئی؟

خبر رساں ادارے  اے پی پی کے مطابق پنجاب میں تقریباً 491 ایکڑ، خیبر پختونخوا میں 145 ایکڑ، سندھ میں 339 ایکڑ اور بلوچستان میں صرف 32 ایکڑ زمین واگزارکی گئی ہے۔

ریلوے عہدیدار کے مطابق پنجاب میں 3 ہزار 287 ایکڑ، خیبر پختونخوا میں 832 ایکڑ، سندھ میں 5 ہزار 180 ایکڑ اور بلوچستان میں 687 ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا گیا تھے۔

عہدیدار نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ریلوے نیٹ ورک پر قبضہ شدہ ریلوے اراضی کی بازیابی کے لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا اور تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو تجاوزات سے ریلوے کی اراضی واگزار کرانے کے لیے مشترکہ طریقہ کار کا حکم جاری کیا گیا۔

آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ مختلف افراد، گروہوں اور یہاں تک کہ کاروباری تنظیموں سے اس کی زمین واپس حاصل کی جا سکے جو دہائیوں سے رہائشی، تجارتی اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔

قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات

عہدیدار کے مطابق تجاوزات کیخلاف آپریشن ریلوے پولیس اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔

قبضہ مافیا سے قبضہ شدہ زمین واگزار کرانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہے ہیں جس میں مختلف سرکاری محکموں کے زیر قبضہ اور غیر قانونی قبضے والی غیر قانونی زمینوں کی نشاندہی کے لیے تفصیلی سروے بھی شامل ہے۔

مقدمات کا اندارج

عہدیدار نے کہا کہ ایف آئی آر درج کی جارہی ہے اور مقدمات درج کیے جارہے ہیں اور تیزی سے سماعت کے لیے پاکستان ریلوے جوڈیشل مجسٹریٹ کو بھیجے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں اور اداروں کی جانب سے پاکستان ریلوے کی اراضی پر غیر قانونی قبضے کا معاملہ بھی متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔

ملک بھر میں ایک لاکھ 67 ہزار 690 ایکڑ زمین

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے پاس ملک بھر میں ایک لاکھ 67 ہزار 690 ایکڑ زمین ہے جس میں سے پنجاب میں 90 ہزار 326 ایکڑ، سندھ میں 39 ہزار 428 ایکڑ، بلوچستان میں 28 ہزار 228 ایکڑ اور خیبر پختونخوا میں 9 ہزار 708 ایکڑ زمین ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp