دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، کیا بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے؟

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مودی حکومت پاکستان میں افراتفری پھیلانے کے  لیے پانی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے،  مون سون کے دوران بھارت پاکستان کی طرف بہت زیادہ پانی چھوڑکر سیلاب اور تباہی لانا چاہتا ہے۔

پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں دریائے چناب اور دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں سیلاب آیا ہے کیونکہ بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر لاکھوں کیوسک پانی چھوڑا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا بنیادی مقصد حاصل کرنے کے لیے جان بوجھ کر پاکستان کی جانب پانی چھوڑ رہا ہے اور آبی وسائل کو کنٹرول کرکے خطے میں اپنا تسلط قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت پانی کو جنگ اور ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ، مودی حکومت قدرتی آفات کو بھی اب پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

روپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بھارت کی اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنے اور بین الاقوامی معاہدوں کو توڑنے کی قومی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور بھارت کی جانب سے سیلابی پانی کا اخراج سندھ طاس معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ خاص طور پر قدرتی آفات کے دوران بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کرے۔

ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، نبیل جاوید

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے کہا ہے کہ اگرچہ پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے لیکن محکمہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

اتوار کو پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہا ؤ2 لاکھ 78 ہزار کیوسک تھا جوکم ہو کر2 لاکھ 45 ہزار کیوسک پر آ گیاہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 22.80فٹ بلند ہے، دریائے ستلج کا سیلابی ریلا اب آگے کی جانب بڑھ رہا ہے، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 22 ہزار 687کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتی ہے، ہیڈ اسلام میں پانی کا بہاؤ31ہزار 872کیوسک ہے جہاں 22 اگست سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ فتح محمد پوسٹ پر پانی کی سطح 17.10فٹ بلند ہوئی ہے۔

دوسری جانب سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کی تیاریاں مکمل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سے بھی 24گھنٹے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز سمیت دیہی رپورٹنگ سینٹرز بھی مکمل فعال ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp