فیفا ویمن ورلڈ کپ کی اسٹار اولگا کارمونا کو فتح کے بعد کیا صدمہ ملا؟

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ویمن ورلڈکپ جیتنے کے بعد اسپین کی کپتان اولگا کارمونا کو فتح کی خوشی کے موقع پر صدمے کی خبر ملی کہ ان کے والد کی وفات ہو چکی ہے، جس کی تصدیق کے بعد ان کی خوشی اداسی میں بدل گئی۔

ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے پہلے ہاف میں اولگا کارمونا نے 29ویں منٹ میں انگلینڈ کے خلاف واحد گول کیا، جو اسپین کی فتح کا سبب بنا اور اسپین نے ایک صفر سے فائنل جیت کر پہلی مرتبہ ویمن ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ورلڈ کپ میچ کے اختتام پر رائل اسپینش فٹبال فیڈریشن نے سماجی رابطہ ویب سائٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اولگا کارمونا کے والد کی وفات کی تصدیق کی اور لکھاکہ یہ خبر ورلڈ کپ فائنل کے بعد ملی، اولگا اور ان کی فیملی کے ساتھ گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

’اولگا تم نے تاریخ رقم کی ہے، تم ہمیشہ یاد رہو گی، ہماری تمام نیک تمنائیں تمہارے ساتھ ہیں۔‘

اسپینش میڈیا کے مطابق اسپینش کپتان اولگا کارمونا کے والد طویل عرصے سے علیل تھے اور جمعے کو ان کا انتقال ہوا تھا۔ اولگا کارمونا کی فیملی اور دوستوں نے کھیل پر فوکس برقرار رکھنے کی وجہ سے ان سے یہ خبر چھپانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اولگا کارمونا کی والدہ اور بھائی گروپ مرحلے کا میچ دیکھنے نیوزی لینڈ گئے تھے، اور اولگا کے والد کی حالت تشویشناک ہونے پر ان کو واپس جانا پڑا تھا۔ تاہم ہفتے کے روز فائنل میچ میں اولگا کو اسپورٹ کرنے کے لیے ان کی فیملی آسٹریلیا پہنچی تھی۔

فیفا ویمن ورلڈ کپ فائنل کی تقریب کے دوران ایک اور واقعہ بھی پیش آیا جس پر صدر اسپینش فٹبال ایسوسی ایشن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم فیفا کی جانب سے ان پر سکروٹنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالیس نے اسپین کی کھلاڑٰی جینیفر ہرموسو کو تقریب کے دوران قابل اعتراض بوسا دے دیا، جس پر جینیفر ہرموسو نے کہاکہ صدر لوئس روبیالیس کی یہ حرکت ان کو بالکل بھی پسند نہیں آئی۔

صدراسپینش فٹبال فیڈریشن لوئس کی یہ حرکت شائقین کو بھی پسند نہیں آئی اور سوشل میڈیا پر ان کو بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے جرمنی کے بعد اسپین واحد ملک ہے جس کے مرد اور خواتین دونوں ٹیموں نے فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت رکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp