نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے تمام محکموں سے بریفنگ مانگ لیں

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے تمام سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے محکموں کی بریفنگ تیار کر لیں، تاکہ تمام محکموں سے بریفنگ لے کر ان کی کارکردگی کا جائزہ لے سکوں۔

نگراں وزیر اعلٰی میرعلی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت انتظامی سیکریٹریوں کا تعارفی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادرخان بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہاکہ اجلاس کا مقصد تعارف کے ساتھ ساتھ سیکریٹری صاحبان کو نگران حکومت کے مینڈیٹ کی گائیڈ لائینز بھی دینا ہے، ہمیں جو ذمہ داری ملی ہے اسکا تقاضہ ہے کہ ہم خلوص نیت اور محنت سے کام کریں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان ڈومکی کی صوبے کے سیکرٹریز کے ساتھ میٹنگ

میرعلی مردان خان ڈومکی نے کہاکہ پرامن ماحول میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے، غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے گورنس کو بہتر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامی امور کی ادائیگی کے لیے گائیڈ لائنز دی گئی ہیں، تمام محکموں کو گائیڈ لائنزفراہم کردی گئی ہیں ان پر من وعن عملدرآمد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ سرکاری افسران کو  ہڑتال کرنا زیب نہیں دیتا، افسران تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ بی سی ایس اور بی ایس ایس کے موقف کا جائزہ لے کر اس مسئلہ کا حل نکالیں گے۔

وزیر اعلٰی نے کہاکہ بلوچستان میں بے پناہ مسائل ہیں، ان مسائل کے حل کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنے صوبے اور یہاں کے عوام کی خدمت کریں۔

’میری نظر میں امن وامان، تعلیم، صحت اور صاف پانی کی عدم دستیابی سب سے بڑے مسئلے ہیں۔‘

انہوں نے کہاکہ بے شک نگراں حکومت کا کام انتخابات کا انعقاد ہے، وزیراعلٰی کی حیثیت سے مسائل کا حل بھی میری ذمہ داری میں شامل ہے۔ دستیاب فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے اور اپنے دروازے سائلین کے لیے ہمیشہ کھلے رکھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp