نگراں وزیر اعظم سے سعودی وزیرحج کی قیادت میں وفد کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔

سعودی وزیر حج و عمرہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے 4 روزہ دورہ پر اتوار کو اسلام آباد پہنچے تھے۔ ان کے وفد میں سعودی وزارت خارجہ، داخلہ، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی، مواصلات، سیاحت و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی

 نگراں وزیراعظم انوا ر الحق نے وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر سعودی وفد خیرمقدم کیا اور سعودی عرب اور پاکستان کے دو طرفہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمنیان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔

 وزیراعظم نے رواں سال حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے حجاج کرام بالخصوص پاکستانی عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی حج اور عمرہ زائرین کے ساتھ سعودی عرب کی جانب سے خصوصی برتاؤ جاری رہے گا۔

 وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں سنجیدگی سے دلچسپی لینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

 واضح رہے کہ سعودی عرب کے یہ کسی وزیر حج وعمرہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ سعودی وزیر حج و عمرہ نے اپنے اور اپنے وفد کے ارکان کی پرتپاک مہمان نوازی پر نگراں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفد مذہبی و سیاسی دوروں کے علاوہ پاکستان میں سعودی سیاحت کو فروغ دینے کی بھی کوشش کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp