امام الحق کے والدین ان کا میچ دیکھنے اسٹیڈیم کیوں نہیں جاتے؟

منگل 22 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے گزشتہ روز ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کی ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کبھی ان کا میچ اسٹیڈیم میں دیکھنے نہیں آئے۔

قومی اوپننگ بلے بازامام الحق نے اپنے میچوں کے دوران والدین کی اسٹیڈیم سے غیر حاضری کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی خراب کارکردگی کا خوف نہیں ہے بلکہ اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائیوں کا ہے کہ کہیں وہ میرے والدین کے سامنے مجھے پرچی نہ کہہ دیں۔

’۔۔۔ کیونکہ اگر ایسا ہوا تو مجھے بہت افسوس ہوگا، اسی وجہ سے آج تک والدین کو گراؤنڈ میچ دکھانے نہیں لایا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہے جتنا اچھا پرفارم کرلیں لیکن اگر وہ جلدی آؤٹ ہوجائیں تو لوگ پچھلی ساری اچھی پرفارمنس بھول کر پرچی کے نعرے لگاتے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کی والدہ ایسے نعرے سنیں۔

امام الحق کے پوڈ کاسٹ کی کچھ کلپس سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئیں تو جہاں صارفین نے امام الحق کو اس قسم کے نعروں پر دھیان نہ دینے کا مشورہ دیا وہی سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی امام الحق کے حق میں پوسٹ کر ڈالی۔

ثقلین مشتاق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ون ڈے رینکنگ میں چوتھی پوزیشن بہت بڑی کامیابی ہے۔ ’قوم کو آپ پر فخر ہے ‘اور مجھے یقین ہے کہ آپ کے والدین کو بھی آپ پر فخر ہوگا اور آپ کو براہ راست کھیلتے ہوئے دیکھنا ان کے لیے ایک پر مسرت موقع ہوگا۔

واضح رہے کہ امام الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سیلکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔ اپنے کریئرکےآغازمیں ان پر اپنے چچا کی وجہ سے ’پرچی‘ کی چھاپ لگ گئی تھی اور ان کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp