ترمیمی بلز کے حوالے سے صدر مملکت کے انکشاف پر قوم اضطراب کا شکار ہے، پی ٹی آئی

منگل 22 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی چیئرمین کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت جمعرات تک ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس سے خود کو بینچ سے علیحدہ کرنے اور دوسرا بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانون و انصاف کو محض ایک مذاق، عدالت کو تماشہ بنا دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ عدالت عالیہ کو میرٹ پر معاملہ نمٹانے کا حکم دیا لیکن یہاں انصاف کا قتل ہو رہا ہے۔

کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ معاملے کو التوا میں ڈالنے کا واحد مقصد عمران خان سے روا رکھے جانے والے انتقام و تشدد کے سلسلے کو دوام بخشنا ہے۔

کمیٹی نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے اندازِ فیصلہ سازی کا نوٹس لیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ آزاد عدلیہ کے تصور کو یقینی بنانے کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف سپریم جیوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کو کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس دستور کے آرٹیکل ٹین-اے کے تحت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فیئر ٹرائل کے بنیادی حق کے تحفظ کا اہتمام کریں۔

’ترمیمی بلوں کے حوالے سے صدر مملکت کو نیچا دکھانے والوں کا محاسبہ کیا جائے‘

کور کمیٹی نے ملکی سیاسی صورتحال اور آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترامیم کے بلز کے حوالے سے صدرِمملکت کی ٹوئٹ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

کور کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ صدرِمملکت کے خلاف نفرت انگیز حکومتی پراپیگنڈہ صدر کو جھکانے اور حقائق کو دھندلانے کی کوشش ہے اور ان کے غیرمعمولی انکشاف پر قوم شدید اضطراب و تشویش میں مبتلا ہے۔

کمیٹی کا کہنا تھا یہ اب معاملے کی تحقیقات، حقائق کے تعین اور سربراہ ریاست کے منصب کو نیچا دکھانے والوں کا کڑا محاسبہ نہایت اہم ہے اور دھونس اور جبر کی بنیاد پر کسی کو معاملہ الجھانے یا ذمے داروں کو بچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ آئین و ریاست کے وسیع تر مفاد میں اس غیرمعمولی معاملے کو بلاتاخیر اٹھائے۔

کور کمیٹی کی جانب سے بٹگرام میں حادثے کا شکار ہونے والی چیئر لفٹ اور جاری ریسکیو آپریشن پر بھی غورکیا گیا اور پھنسے ہوئے بچوں اور ان کے معلّم کی مکمل سلامتی اور بحفاظت ریسکیو کے لیے دعا کی۔

کمیٹی نے اپنی جانوں پر کھیل کر قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے ریسکیو آپریشن میں مصروف پاک فوج کے جوانوں کی کامیابی کے لیے بھی دعا کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp