“پل بھر میں بدلتے ہیں رشتے” فواد چوہدری ماضی کے برعکس چندریان مشن پر خوش کیوں ؟

بدھ 23 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہندوستانی چاند مشن چندریان-3 آج چاند پر اترنے کے لیے تیار ہے۔ انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق چندریان 3 کامیابی کے ساتھ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور چندریان لینڈر ماڈیول ( ایل ایم) آج 23 اگست کی شام 6.04 منٹ چاند کے جنوبی قطبی علاقے پر اترے گا۔

ہندوستانی چاند مشن کے حوالے سے خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی زینت بنی تو صارفین نے جہاں ہندوستانی صارفین کو مبارکباد پیش کی، وہیں کچھ صارفین ایسے بھی تھے جن کا ماننا تھا کہ پاکستانی حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا ثمر ہے کہ پڑوسی ملک چاند پر جانے کی مکمل تیاری کر چکا ہے جبکہ پاکستانی حکمران ایک دوسرے کے دست و گریباں ہیں۔

ہندوستانی چاند مشن کے حوالے سے سابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودہری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی میڈیا کو کل شام 6 بجکر 15 منٹ پر چندریان کی چاند پر لینڈنگ براہ راست دکھانی چاہیے… انسانیت کے لیے تاریخی لمحہ خاص طور پر ہندوستان کے لوگوں، سائنسدانوں اور اسٹرونوٹس کوبہت بہت مبارک ہو۔


فواد چوہدری کی پوسٹ کرنے کی دیر تھی کہ صارفین نے ان کو آڑے ہاتھوں لے لیا، کسی نے ماضی کی باتیں یاد دلائیں تو کسی صارف نے پوچھا کہ ان کے دور حکومت میں انہوں نے ایک کیلینڈر بنانے کے علاوہ سائنس کی ترقی کے لیے کیا اقدامات کیے؟ ہندوستانی صارف نے فواد چوہدری کے بدلتے انداز پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کی ماضی کی ٹویٹس کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا پل بھر میں کیسے بدلتے ہیں رشتے، دیکھیں آگے کیا کیا ہوتا ہے۔


فواد چوہدری کے بدلتے انداز پر جہاں ہندوستانی صارفین ان کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے وہیں پاکستانی صارفین بھی سوال کرتے دکھائی دیے کہ آخر 2سالوں میں ایسا کیا ہوگیا کہ فواد چوہدری  کو اپنا موقف بدلنا پڑا؟ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے پوچھا کہ کوئی دوست بتائے گا کہ ایسا کیا ہوا کہ صرف 2سال پہلے بھارت کے چندریان ٹومشن کی تباہی پر جشن منانے والے اور حتیٰ کہ یہ تک کہنے والے کہ بھارت پیسے ضائع کر رہا ہے، آج اچانک کیوں گن گا رہے ہیں؟ علم یک دم کبھی نہیں آتا، یک دم صرف حادثہ ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کی جہالت تبدیل نہیں ہوئی، ان کے ساتھ کوئی ہاتھ ہوا ہے اور یہ ایک بار پھر قوم کے ساتھ ہاتھ کر رہے ہیں۔


ہندوستانی چاند مشن چندریان دو پر فواد چودہری نے کیا ٹویٹ کی تھیَ؟

سال 2019 میں انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کا اپنے دوسرے چاند مشن چندریان ٹو سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ جہاں انڈیا میں ہر طرف مایوسی چھا گئی تو وہیں بعض پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اس مشن کو ’ناکام قرار دیتے ہوئے‘ الفاظ کی جنگ چھیڑ دی۔ اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ٹویٹر پر ہندوستان کے خلائی جہاز کو “کھلونا” قرار دیا، جس پر سرحد پار سے صارفین نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہندوستانی صارفین کے کچھ تبصروں کے جواب میں فواد چودہری نے ایک بار پھر ٹویٹ کی اور لکھا کہ ’بھارتی ٹرولز کے ردعمل پر حیران ہوں، وہ مجھے گالیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سائنسدانوں سے کی گئی تقریر پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی سیٹلائٹ کمیونیکیشن پر تقریر کر رہے تھے گویا وہ دراصل ایک خلاباز ہیں، سیاست دان نہیں۔

 


صارفین کا ماننا تھا کہ فواد چوہدری کی ٹویٹس بھارت مخالف نہیں بلکہ سائنس مخالف ہیں ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp