نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا گرین بس میں سفر کیسا رہا؟

بدھ 23 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعلی بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نے عندیہ دیا ہے کہ کوئٹہ کی طرز پر بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی گرین بس سروس شروع کی جائے گی۔

بدھ کے روز نگراں وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کوئٹہ میں گرین بس میں سفر کرتے ہوئے نظر آئے جس پر گرین بس کے مسافر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوئے۔

مسافروں نے میر علی مردان خان ڈومکی سے مطالبہ کیا کہ مزید روٹس پر بھی گرین بس سروس کا آغاز کیا جائے۔

نگراں وزیراعلی بلوچستان نے گرین بس کے مسافروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرین بس سروس کا آغاز سابق صوبائی حکومت کا بہترین اقدام ہے، اس منصوبے کو صوبے کے دوسرے شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

میرعلی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ خوشگوار ماحول میں محفوظ سفر شہریوں کا حق ہے، خوشی ہے کہ ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں اب گرین بس میں اطمینان کے ساتھ سفر کر سکتی ہیں، گرین بس سروس 7 بجے کی بجائے رات آٹھ بجے تک چلے گی۔

صوبائی نگراں وزیراعلی نے موقع پر اپنے ساتھ موجود سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گرین بس سروس کے شام کے اوقات میں ایک گھنٹہ توسیع دینے کااعلان کیا۔

واضح رہے کہ  کوئٹہ میں گرین بس سروس کا افتتاح رواں سال جولائی میں ہوا تھا، سابق وزیر ٹرانسپورٹ لک نعیم بازئی اور چیف سیکرٹری   بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے گرین بس سروس کا افتتاع کیا تھا، ابتدائی طور پر اس بس سروس کا کرایہ 30 روپے رکھا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp