بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چوری، ڈکیتی اور رہزنی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جب کہ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس کے پیچھے افغان باشندوں کا ہاتھ ہے۔
شہر میں بڑھتے جرائم سے متعلق ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ زوہیب محسن نے بتایا کہ رواں سال شہر میں 400 موٹر سائیکل اور 87 گاڑیاں چوری ہوئیں جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 24 گاڑیوں چوری شدہ گاڑیاں برآمد کیا۔
زوہیب محسن کا کہنا ہے کہ چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں افغان باشندے ملوث ہیں جو غیر قانونی طور پر شہر میں مقیم ہیں اور اس سلسلے میں جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ میں غیر قانونی طور مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر کے ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال قتل کے 86 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 81 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 400 اشتہاری گرفتار بھی کیے گئے ہیں۔
زوہیب محسن نے کہا کہ شہر میں موجود 4 ہزار سے زائد منشیات کے عادی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 980 کو ری ہیبیلیٹیشن سنیٹر منتقل کردیا گیا ہے۔