بھارتی اداکار پرکاش راج کے خلاف بھارت میں مقدمہ درج، چندریان 3 سے متعلق انہوں نے کیا کہا؟

جمعرات 24 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہندو تنظیموں نے باگل کوٹ ضلع کے بناہٹی پولیس اسٹیشن میں اداکار کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اداکار پرکاش راج نے ایکس پوسٹ (سابق ٹوئٹر) میں مبینہ طور پر ہندوستان کے تیسرے چاند مشن چندریان-3 کا مذاق اڑایا ہے۔

کرناٹکا پولیس کے مطابق ہندو تنظیموں کے رہنماؤں نے باگل کوٹ ضلع کے بناہٹی پولیس اسٹیشن میں اداکار کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، جس میں ان کے خلاف فوری کارروائی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پرکاش راج نے ایک طنزیہ تصویر شیئر کی تھی جس میں بنیان اور لنگی میں بھارتی خلائی ادارے کے سربراہ سے مماثل کارٹون کو چائے کو ایک کپ سے دوسرے کپ میں اچھالتے دکھایا گیا تھا۔ اور کیپشن میں لکھا تھا کہ ’چندریان، وکرم لینڈر سے پہلا نظارہ موصول ہوا ہے۔‘

پرکاش راج کو اس پوسٹ کے بعد سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ چندریان-3 مشن ملک کے فخر سے جڑا ہوا ہے۔

یہ بھی کہا گیا کہ ممکنہ طور پر پرکاش راج کے اس طنزیہ ٹوئیٹ کا ہدف شاید بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ماضی میں ایک ہوٹل پر چائے بنانے کا کام کیا کرتے تھے۔

سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کے بعد پرکاش راج نے ایکس پوسٹ پر وضاحت دی کہ ان کے تبصرے کا مقصد صرف مذاق تھا۔ ’نفرت صرف نفرت کو دیکھتی ہے، میں کیرالہ چائے والا کے جشن منانے کے مذاق کا حوالہ دے رہا تھا، ٹرولز نے کون سا چائے والا دیکھا؟ اگر آپ مذاق نہیں سمجھتے تو آپ خود مذاق بنتے ہو، آگے بڑھو۔‘

چندریان-3 کا چاند مشن

انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے مطابق چندریان-3، 23 اگست کی شام 18 بج کر 4 منٹ پر چاند پر اترا۔ اسرو کی ویب سائٹ، اس کے یوٹیوب چینل، فیس بک اور پبلک براڈکاسٹر دور درشن نیشنل ٹی وی پر لائیو ایکشن 23 اگست 2023 کو دکھایا گیا تھا۔

امریکا، روس اور چین کے بعد بھارت یہ کارنامہ انجام دینے والا دنیا کا چوتھا ملک ہے لیکن بھارت چاند کے جنوبی قطب پر اترنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

چندریان-3 مشن کے بنیادی مقاصد

چندریان-3 مشن کے بنیادی مقاصد 3 ہیں۔ چاند کی سطح پر محفوظ اور نرم لینڈنگ کا مظاہرہ کرنا۔ چاند پر روور کا گھومنے کا مظاہرہ کرنا، اور سائنسی تجربات کرنا۔

چندریان-3 کی ترقی کا مرحلہ جنوری 2020 میں شروع ہوا تھا اور 2021 میں لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ تاہم کووڈ 19 وبائی مرض نے مشن کی پیش رفت میں غیر متوقع تاخیر پیدا کی تھی۔

چندریان-3 مشن کو 14 جولائی 2023 کو دوپہر 2:35 بجے آندھرا پردیش کے شری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے جی ایس ایل وی مارک 3 ہیوی لفٹ لانچ وہیکل کے ذریعہ لانچ کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp