سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل بینچ کا حصہ ہیں۔
کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سردار لطیف کھوسہ اکھڑی سانسوں کے ساتھ روسٹرم پر پیش ہوئے، کہا میں بہت جلدی میں یہاں آیا ہوں، سانس پھول رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا میرے خیال سے آپ بھاگتے بھاگتے آئے ہیں، چونکہ ہائیکورٹ میں کارروائی چل رہی ہے اس لیے دوہری کارروائی نہیں کریں گے۔ دیکھیں ہائیکورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، ممکن ہے ہائیکورٹ ریلیف دیدے۔
چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ سےکہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ابھی کیس کی سماعت چل رہی ہے، ہائیکورٹ معاملے کا حل نکال رہی ہے، یہی ہمارے نظام کی خوبصورتی ہے، ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے دیں پھر سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آج کی سماعت میں حکومت سے عمران کی جیل میں سہولیات سے متعلق پوچھیں گے۔ عدالت نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو دی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔
مزید پڑھیں
لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ میں کل عمران خان سے ملنے گیا تو ایک پولیس والا سامنے ڈٹ کے ساتھ بیٹھ گیا۔ میں نے اس سے کہا کہ بھائی یہ وکیل اور مؤکل کی گفتگو ہے آپ یہاں کیوں بیٹھے ہو؟ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ سردار صاحب کوئی ایسی بات نہ کریں جو ریکارڈ پر نہیں ہے، ہمیں تعریف کرنی چاہیئے کہ ہائیکورٹ انصاف کی فراہمی کے لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے لطیف کھوسہ سے استفسار کیا کہ کھوسہ صاحب یہ بتائیں کہ ہائیکورٹ میں مقدمے کا کیا فیصلہ آئے گا، لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ میں پیشین گوئی تو نہیں کر سکتا نہ ہی میں کوئی تاریخیں دینے والا سیاستدان ہوں۔ جسٹس جمال خان مندو خیل نے پوچھا کہ کیا آپ نے ہائیکورٹ کے سامنے تمام اعتراضات اٹھائے ہیں؟ لطیف کھوسہ نے جسٹس جمال خان مندو خیل کو جواب دیا کہ بالکل میں نے ہائیکورٹ کے سامنے تمام حقائق رکھے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے آپ کو کوئی سن نہیں رہا تھا اب سن رہے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا ہائیکورٹ کو بھی بتایا تھا پہلے 2 مرتبہ آئے لیکن فیصلے کے بجائے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔