سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ آج بہت اہم سماعت ہے، دیکھیں عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت اہم سماعت ہے، دیکھیں عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے، اسی لیے عدالت آئے ہیں۔ اسی اثنا میں علیمہ خان کے ساتھ آئے ہوئے ایک جونیئر وکیل نے انہیں بتایا کہ ٹرائل کورٹ سے خان صاحب کی ضمانت ہو گئی ہے جس پر علیمہ خان وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے متفکر انداز میں بولیں ’عدالتوں کے بڑے مسائل ہوتے ہیں، کبھی وکیل نہیں آیا، کبھی جج چھٹی پر ہے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے یہ آبزرویشن دی تھی کہ بادی النظر میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں غلطیاں ہیں۔ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہونے کے پیش نظر فیصلہ دینے سے اجتناب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہائیکورٹ میں کل کی سماعت پر نظر ہوگی، اس کے بعد کیس کو جمعرات کو دن 2 بجے سماعت کے لیے مقرر کردیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کو ہونے والی سزا معطلی کی درخواست پر اس وقت سماعت کر رہی ہے۔ عدالت سے توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل میں فیصلہ سابق وزیراعظم کے حق میں آتا ہے تو 5سال کی نااہلی ختم ہونے کا امکان ہے۔