قومی ٹیم نے افغانستان کا پہاڑ جیسا اسکور سر کرلیا، ایک وکٹ سے کامیابی، سیریز بھی جیت لی

جمعرات 24 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے سری لنکا میں کھیلے جانے والی 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان کو 1 وکٹ سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز0 -2 سے جیت لی۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ  سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلا گیا جس میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو301رنز کا بڑا ہدف دیا۔

مہاندا راجہ پاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کی ٹیم نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز سے کیا، افغان سائیڈ کی خاص بات اوپنر بیٹر رحمان اللہ گرباز کی دھواں دار بیٹنگ ہے جنھوں نے 151 گیندوں پر 3 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 151 رنز سکور کیے انہیں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

اوپنر بیٹر ابراہیم زدران نے بھی گرباز کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 101 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 80 رنز سکور کیے۔ انہیں اسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت  میں 231 رنز سکورکیے۔ اس طرح افغانستان کی پہلی وکٹ 42 ویں اوور میں 231 رنز پر گری۔

اس کے بعد افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 3 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 29 رنز سکور کیے، انہیں نسیم شاہ کی گیند پر امام الحق نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔ شاہد اللہ نے 3 گیندوں پر 1 رنز سکور کیا اور شاہین شاہ آفریدی کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔

حشمت اللہ شاہدی نے 2 چوکوں کی مدد سے 11 گیندوں پر 15 رنز سکور کیے جب کہ عبدالرحمٰن نے 4 گیندوں پر 4 رنز سکور کیے۔ اس طرح افغانستان کی ٹیم مقررہ 50 اووز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

پاکستان کے باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے 10 اوورز میں 58 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ 9 اوورز میں 45 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اسی طرح عثمان میر 10 اوورز میں 61 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

افغانستان کے 300 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر الزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کو جلد ہی پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب فخر الزمان فضلِ حق فاروقی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 34 بالوں پر 30 رنز بنائے۔ اس طرح 8.6 اوورز میں 52 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی۔

امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئے تو انہوں نےامام الحق کے ساتھ مل کر قومی ٹیم کے اسکور کو 170 رنز پر پہنچا دیا بابر اعظم 6 چھکوں کی مدد سے 66 بالوں پر 53 سکور کرنے میں کامیاب ہوئے، انہیں بھی فضلِ حق فاروقی فاروقی کی گیند پر حشمت اللہ نے کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔

اس طرح 30.4 اوورز میں 170 کے اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی، پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گر گئی جب مڈل آرڈر بیٹسمین رضوان 7 گیندوں پر 2 رنز سکور کر کے حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی چھوتھی وکٹ 37.5 اوورز میں 208 کے مجموعی سکور پر گری جب سلمان علی آغا کو محمد نبی کی گیند پر رحمان اللہ گربازنے کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔

انہوں نے 15 گیندوں پر 14 رنز سکور کیے، پاکستان کے 5 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسامہ میر تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے، انہیں بھی محمد نبی کی گیند پر شاہد اللہ نے کیچ پکڑ کر پویلین بھیجا، پاکستان کے 6 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر امام الحق تھے جنھوں نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 105 بالوں پر 91 رنز بنائے، ان کا کیچ  مجیب الرحمٰن کی گیند پر ریاض حسین نے پکڑا۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 258 رنز پر گری جب افتخار احمد 24 گیندوں پر 17 رنز بنا کر عبدالرحمٰن کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کے 8 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جن کا کیچ فضلِ حق فاروقی کی گیند پر راشد خان پکڑا، شاہین شاہ آفریدی نے 5 گیندوں پر 4 رنز سکور کیے۔ پاکستان کی 9 ویں وکٹ 290 کے مجموعی سکور پر گری جب شاداب خان 35 بالوں پر 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ انہیں فضلِ حق  نے رن آؤٹ کیا۔ یہ وہ وقت تھا کہ پاکستان جیت سے دور ہوتا ہوا نظر آ رہا تھا۔

آخری وکٹ کی شراکت میں حارث راؤف اور نسیم شاہ کریز پر موجود تھے کہ 49.5 اوور میں آف کور ڈائیو پر نسیم شاہ نے ایک عمدہ شارٹ کھیلتے ہوئے چوکا لگا کر پاکستان کو فتح دلا دی، اس طرح پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی، سیریز کا آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

میچ میں انتہائی مشکل ترین مرحلے میں 35 گیندوں پر 48 رنزاسکور کرنے پر شاداب خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

نگراں وزیراعظم کی قومی ٹیم کو جیت پر مبارک باد

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے قومی ٹیم کو افغانستان کے ساتھ 3 میچوں کی سیریز جیتنے پر مبارک باد دی ہے اور کہا کہ جیت کا سلسلہ جاری رکھیں اور قوم کا سر فخر سے بلند کرتے رہیں۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹ میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ میچ میں شاندار کامیابی پر پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ قومی ٹیم کی کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہماری کرکٹ ٹیم دُنیا کی چند بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے، ہم اس پر فخر کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں قومی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اپنی جیت کے سلسلے کو جاری رکھیں اور قوم کا سر فخر سے بلند کرتے رہیں، نگراں وزیر اعظم نے مین آف دی میچ قرار پانے پر شاداب خان کی فوٹو ساتھ شیئر کرتے ہوئے انہیں خصوصی طور پرمبارک باد پیش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp