آئیسکو بھاری بلز کے ستائے عوام سے خوفزدہ، پولیس سیکیورٹی طلب کرلی

جمعہ 25 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بجلی  کے بلوں سے تنگ مظاہرین کی جانب سے کسی شدید ردعمل کے خدشے کے ہیش نظر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئسیکو) نے پولیس کی خدمات طلب کر لیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں ملک بھر کی طرح راولپنڈی اور اسلام آباد میں بجلی کے بلوں پر عوامی احتجاج بڑھتا جارہا ہے جس کے پیش نظر آئیسکو حکام نے اپنے دفاتر اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے  سینٹرل پولیس آفس راولپنڈی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

آئیسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئر، آپریشن سرکل سٹی کی جانب سے سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صارفین جتھوں کی شکل میں آئیسکو دفاتر آرہے ہیں اور بجلی کے معاملے پر احتجاج اور مظاہرے کررہے ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اس صورتحال سے آئیسکو کے ملازمین ڈیوٹی کے دوران عدم تحفظ کا شکار ہیں اور صورتحال انتہائی تشویشناک صورت اختیار کرچکی ہے جس کے پیش نظر خدشہ ہے کہ یہاں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے اور ایسی صورتحال میں آئیسکو تنصبات اور دفاتر کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ آئسکو دفاتر، تنصیبات پر پولیس فورس متعین کی جائے تاکہ ان کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

دریں اثنا کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آئیسکو اور واپڈ کے لیے 520 پولیس افسران و اہل کار متعین کردیے گئے ہیں جبکہ شہر اور ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور پولیس اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp