صوابی کے ایک گاؤں میں متنازعہ اراضی پر درخٹ کاٹنے کی پاداش میں 4 سگے بھائی موت کے گھاٹ اتاردیے گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گاؤں مانیری پایاں میں مقتولین ایک متنازعہ اراضی پر لگے درخت کاٹ کر انہیں ایک گدھا گاڑی پر لے جا رہے تھے کہ ان پر مذکورہ زمین کے دعوے داروں کی جانب سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں 4 بھائی موقعے پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
ریسکیو کنٹرول روم کو فائرنگ کی اطلاع ملنے پر 2 ایمرجنسی میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حملے میں مارے جانے والے افراد میں ولی اللہ، سبطین، عامر اور عماد شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت نوید ولد سبز علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایمرجنسی ریسکیو ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال صوابی جبکہ زخمی کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کر دیا۔