امریکی ریاست مشی گن کی ایک خاتون کو اس وقت غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب اس نے اپنے اپارٹمنٹ کے باہر اچانک ایک بڑے مگرمچھ کو دیکھا۔
رومولس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ پریشان خاتون نے پولیس کو فون پر اطلاع دی کہ اس کے اپارٹمنٹ کے باہر کہیں سے ایک بہت بڑا مگر مچھ رینگتا ہوا پہنچا ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر خاتون کی بات پر کوئی دھیان نا دیا، اس لیے کہ اس اپارٹمنٹ کے قریب کوئی تالاب تھا نا ہی یہ اپارٹمنٹ کسی ساحل سمندر کے قریب تھا۔ پولیس نے خاتون سے اس کی تصویر بھیجنے کا مطالبہ کیا جس کی خاتون نے فوری تعمیل کی-
پولیس نے تب یقین کیا جب انہوں نے تصویر میں دیکھا کہ واقعی اپارٹمنٹ کے باہر ایک بڑے سائز کا مگر مچھ اپنی کوئی نئی پناہ گاہ ڈھونڈ رہا ہے۔
پولیس کے ڈپٹی چیف ڈیرن شیلبی نے بتایا کہ پولیس افسران اور ایک پیشہ ور شکاری نے رومولس کے شمال میں واقع اپارٹمنٹ کمپلیکس سے مگرمچھ کو خاصی جدوجہد کے بعد پکڑ لیا۔ شیلبی نے بتایا کہ ’ ہم یہ جاننے میں ناکام رہے کہ آخر یہ مگر مچھ کہاں سے آیا تھا یا وہ وہاں کیسے پہنچا۔
شیلبی نے کہا کہ اتنا ضرور محسوس کیا گیا کہ 4 فٹ لمبا مگرمچھ اپنے لیے کوئی نیا گھر ڈھونڈ رہا تھا جہاں وہ پناہ لے سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کا منہ باندھ دیا ہے، اب اس سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں اور اسے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا جائے گا۔