فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان نے صوبہ بھر میں مختلف کارروائیوں میں افغانستان چینی اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 2 سو میٹرک ٹن سے زائد چینی برآمد کرکے حکام کے حوالے کردی ہے۔
آئی ایس پی آر کے ایک اعلامیہ کے مطابق 12 تا 23 اگست کے دوران مستونگ کے نواحی علاقے شیخ واصل سے ایف سی نارتھ نے 2 مختلف کارروائیوں میں 2 سو 10 میٹرک ٹن سے زائد چینی برآمد کی ہے۔ برآمد شدہ چینی 31 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں چھپائی گئی تھی، جسے افغانستان اسمگل کیا جانا تھا۔
’ ایف سی بلوچستان-نارتھ کے جوانوں نے خفیہ اطلاعات پر بروقت کارروائی کی، چینی کی ساری کھیپ قبضہ میں لیکر کسٹمز حکام کے حوالے کر دی گئی۔‘
ایف سی بلوچستان-نارتھ نے سال 2023 کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مختلف غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا ہے۔ ناکام بنائی گئی اسمگلنگ کی اشیاء میں 2253 میٹرک ٹن چینی، 1307 میٹرک ٹن گندم، 2061 میٹرک ٹن یوریا کھاد اور 1 میٹرک ٹن منشیات بھی شامل ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ایف سی بلوچستان-نارتھ نے یہ کاروائیاں ژوب، پشین، مستونگ، نوشکی اور چمن کے مختلف علاقوں میں کی تھیں۔
چینی و دیگر اشیاء کی اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے، مقامی مارکیٹس میں اسمگل شدہ اشیاء ناپید ہو جاتی ہیں اور لوگوں کو استعمال کے لیے میسر نہیں ہوتی۔
’ایف سی بلوچستان کی جانب سے قانونی اسمگلنگ کی روکام کے لیے موثر کارروائیاں جاری رہے گی، دوسری جانب ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو منتقی انجام تک بھی پہنچایا جائے گا۔‘