نمبر ون ٹیم بننا آپریشن ورلڈ کپ کا آغاز ہے، ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم مکی آرتھر

اتوار 27 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئیپ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں نمبر ون ٹیم کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے اس کامیابی کو ٹیم کے اتحاد کے نام کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایشیا کپ میں اسی جذبے اور رفتار کے ساتھ حصہ لیں گے۔

کولمبو میں افغانستان کو آخری ون ڈے میچ 59 رنز سے شکست دینے کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم نمبر ون ٹیم اپنی محنت کی وجہ سے بنے ہیں۔ جانفشانی اور اونچ نیچ سمیت سب کچھ ہوا مگر اس ٹیم کا اتحاد برقرار رہا۔

’بہت کچھ ہوا لیکن جو ہماری بونڈنگ ہے اسی وجہ سے ہم اوپر آئے ہیں۔ ہر بندے کا دل صاف ہے۔ کسی کا یہ نہیں ہے کہ اس نے کرلیا تو میں نے کیوں نہیں کیا۔ ہر بندہ دوسرے کی پرفارمنس سے خوش ہوتا ہے۔ اور یہی چیز برقرار رہنی چاہیے۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر اس موقع پر نمبر ون ٹیم کا کیک پیش کرتے ہوئے کہا کہ نمبر ون ٹیم بننا اس بات کی غماز ہے کہ کافی عرصہ سے ہر ایک کھلاڑی نے اس کامیابی میں اپنی کوششیں اور حصہ شامل کیا ہے۔

بابر اعظم کو کیک کاٹنے کے لیے چھری پکڑاتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کو کبھی تحفہ کے طور پر نہ لیں اور آج رات اس کامیابی کا جشن منائیں کیونکہ نمبر ون بننے میں بہت سا خون، پسینا اور آنسو شامل ہیں۔

’اس کامیابی کو انجوائے کریں، نمبر ون ہونا اکثر وقوع پذیر نہیں ہوتا، اسے یقینی بنائیں کہ یہ اعزاز ایک لمبے عرصہ تک ہمارے پاس رہے۔ یہ آپریشن ورلڈ کپ کا آغاز ہے۔‘

کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ اس کامیابی پر سب خوشی منائیں گے لیکن چار دن بعد ایشیا کپ مین پاکستان کا آغاز ہے اسے نہ بھولا جائے۔ ’اسے لازمی ذہن میں رکھنا ہے، ہم اسی جذبے اور رفتار سے ایشیا کپ میں حصہ لیں گے، اور بطور ٹیم یہی چیزیں درکار ہیں۔‘

بابر اعظم کے مطابق کسی دن بولنگ اور کسی دن بیٹنگ جتائے گی، یہ نہیں ہے کہ اس شعبہ میں اتنا کیوں کیا ہے، یا اس شعبہ نے یہ کیوں کیا ہے۔ ’یہ سب کامیابی بطور ٹیم ورک ہے۔۔۔ میرا، یہ، وہ، میں نہیں بلکہ ہم ہیں۔ یہ ٹیم ہم ہیں کوئی انفرادی شخص نہیں۔‘

انہوں نے اس موقع پر ریزرو کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جس پر ڈریسنگ روم تالیوں سے گونج اٹھا۔ ’اس ٹیم میں بارہ سے پندرہ کھلاڑی شامل ہیں اور بطور کپتان مجھے ہر ایک کو دیکھنا اور ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، جو ٹیم ورک سے ممکن ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp