مربوط نظام لے کر آیا ہوں، اسپتالوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، نگراں وزیر صحت

اتوار 27 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ایک مربوط نظام لے کر آیا ہوں، سرکاری اسپتالوں میں کسی بھی طرح کی کوئی کمی یا کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مافیاز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، کسی بھی کوتاہی کے تمام تر ذمہ دار سینیئر افسران سمجھے جائیں گے۔

نگراں وزیر صحت اتوار کوپمز اسپتال کی ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے میرے پاس مربوط پلان ہے، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، ان سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امیر کی طرح غریب آدمی کو بھی معیاری علاج معالجے کی سہولتیں ملنی چاہییں، امیر آدمی تو پیسے کے بل بوتے اپنی مرضی سے پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کروا لیتا ہے، صحت کا محکمہ لوگوں کی خدمت کا شعبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگنیٹک ریزونینس امیجنگ( ایم آر آئی ) مشین کی خرابی کا ذمہ دار کون ہے، اس حوالے سےشفاف انکوائری کی جائے گی 6 ستمبر ڈیڈ لائن ہے ایم آر آئی فنکشنل ہونی چاہیے۔

نگراں وزیر صحت نے کہا کہ قلیل مدت میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ لے کر آیا ہوں، دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ڈاکٹرز کو اور پیرا میڈیکل سٹاف کو اپنی حاضری یقینی بنانا ہو گی۔

علاج کے دوران مریضوں کی عزت نفس اور وقار کا خیال رکھنا ہو گا، اسپتال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے ۔

ندیم جان نے کہا کہ خدا نے جو ذمہ داری دی اس کو احسن طریقے سے نبھاؤں گا، تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سے بریفننگ لوں گا، عوام کا پیسہ عوام کے علاج پر خرچ ہونا چاہیے۔

علاج معالجے کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کا عزم لیکر آیا ہوں، یہ عہدے خدا کی طرف سے امانت ہیں ہم سب خدا کے ہاں جوابدہ ہیں، جو عہدے ہمیں ملے ہیں ہم عوام کے بھی جوابدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں جو مشینری خراب ہے 48 گھنٹے کے اندر رپورٹ دی جائے، پمز اسپتال کی لیبارٹری میں ہونے والے ٹیسٹ کی لسٹ فراہم کی جائے، جو ضروری ٹیسٹ اسپتال میں نہیں ہورہے ان کی مفصل رپورٹ دیں۔

ندیم جان نے کہا کہ اسپتال کے ویسٹ کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے، ایم آر آئی مشین کو وزارت کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن پر فنکشنل کیا جائے۔

الٹرا ساؤنڈ ایکسرے سی ٹی سکین اور تمام بلڈ ٹیسٹ کی فراہمی کو بروقت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بنائے کے لیے پر عزم ہوں، اسپتالوں میں بد عنوان عناصر کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسپتالوں کی کارکردگی کو خود مانیٹر کیا کروں گا، اسپتال کے امور میں میرٹ اور شفافیت کے نظام کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں بڑے عہدوں پر کام کرنے والے جوابدہ بھی ہوں گے ان کا محاسبہ بھی ہو گا۔ اسپتالوں میں مافیاز کی نہیں عوام کے خادموں کی ضروت ہوتی ہے، اسپتال میں مریضوں کو معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

گورنمنٹ اسپتالوں کامعیار بلند کرنا ہوگا تاکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کی بجائے گورنمنٹ کے اسپتالوں کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسپتالوں میں سینیئر اور محنتی اور تجربہ کار ڈاکٹرز موجود ہیں، فنانس اور پر کیورمنٹ کے شعبوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی،کام کرنے کی نیت اور جزبہ موجود ہو خدا کا خوف بھی ہو تو سب کچھ ممکن ہے۔

بہت سے معاملات ایسے ہیں جو انتظامیہ کی تھوڑی سی توجہ سے حل ہو سکتے ہیں، متعدد امور کو انتظامیہ خود ہی بہتر کرنے کی استطاعت اور طاقت رکھتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp