برٹش کولمبیا میں پولیس کو اس وقت ایک انوکھی صورت حال سے دوچار ہونا پڑا جب ایک ریکون (جنگلی جانور) کتے کا پیچھا کرتے ہوئے گھر میں گھس آیا۔ پولیس کو ریکون کو باتھ روم سے نکالنے میں کئی گھنٹے صرف ہوئے۔
’ویسٹ شور’آر سی ایم پی‘ کےترجمان کا کہنا ہے کہ لینگ فورڈ کے علاقے میں واقع گھر میں اچانک ایک ریکون گھس آیا جس کا گھر سے باہر ایک چھوٹے کتے سے جھگڑا ہوا اور پھر یہ ریکون غصّے میں کتے کا پیچھا کرتے ہوئے گھر میں گھس آیا۔ تاہم گھر کے مکین ریکون کو باتھ روم میں بند کرنے میں کامیاب تو ہوئے لیکن اس نے پھر کتے کے ساتھ جھگڑنے کے لیے کئی حملے کیے۔
پولیس نے بتایا کہ انہیں متعلقہ گھر والوں کی جانب سے پھر دوسری مرتبہ کال موصول ہوئی تو گھر سے ریکون اور کتے کے غرانے کی آوازیں بھی آ رہی تھیں۔
پولیس افسران فوری متعلقہ گھر پہنچے تو انہوں نے سب سے پہلے کتے کو گھر سے باہر نکالا اور پھر پولیس کئی گھنٹے کی محنت کے بعد ’لیکروس اسٹک‘ کے ذریعے ریکون کو پکڑ کر باتھ روم سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوئی۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریکون کے ساتھ لڑائی انتہائی دلچسپ ہونے کے ساتھ مشکل ترین بھی تھی تاہم پولیس اسے واش روم سے نکال کر باہرآزاد چھوڑنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
ویسٹ شور آر سی ایم پی کی پبلک ریلیشنز آفیسر نینسی ساگر نے اس مقابلے کو ‘پولیس کے لیے ایک عجیب و غریب مقابلہ’ قرار دیا ہے۔