آئی جی جیل خانہ جات کا دورۂ اٹک جیل، عمران خان سہولیات سے مطمئن ہیں، میاں فاروق نذیر

اتوار 27 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے جیل سیکیورٹی اور اسیران کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا اچانک دورہ کیا ہے۔

دورے کے دوران انسپکٹر جنرل (آئی جی)  جیل خانہ جات نے اندرون و بیرون سیکیورٹی، کچن، اسپتال، جوینائل وارڈ، قیدی و حوالاتی بارکس سمیت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کی سیکیورٹی اور فراہم کی گئی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

جائزے کے بعد جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو قانون کے  مطابق تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ان کے کمرے میں بیڈ، تکیہ، بیڈ میٹرس، میز، کرسی، ائیر کولر، ایگزاسٹ فین، جائے نماز، انگریزی ترجمے کے ساتھ قران مجید، مطالعہ  کے لیے ایک درجن کے قریب کتابیں، اخبار، چائے تھرمس، کھجوریں، شہد، اور ٹیشو پیپر، پرفیوم، وغیرہ موجود ہیں۔

عمران خان کے لیے ان کے واش روم میں ویسٹرن کموڈ، واش بیسن، باتھ سوپ، ایئر فریشنر، تولیہ اور ٹیشو پیپر موجود ہیں۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی منگل کو فیملی اور جمعرات کے روز وکلا سے قانون کے مطابق ملاقات کرائی جاتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 5 ڈاکٹرز  تعینات کیے گئے ہیں۔ 8 گھنٹے ڈیوٹی پر ایک ڈاکٹر ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔

بیان کی مطابق ڈاکٹر کی ہدایت اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی منظوری سے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کو سپیشل خوراک فراہم کی جا رہی ہے، جسے ڈاکٹر کی چیکنگ کے بعد سپیشل ٹیم کے ذریعے مہیا کیا جا رہا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے عمران خان سے جیل میں مہیا کی گئی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا جس پر عمران خان نے جیل میں میسر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور جیل انتظامیہ کے تعاون کی تعریف کی‘ ۔

بیان کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے عمران خان کی بارک میں نصب کیمروں کی کارکردگی، لوکیشن اور پرائیویسی کو خصوصی طور پر چیک کیا اور اسے رولز کے مطابق درست پایا۔

سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ جیل میں بند تمام اسیران کو قانون کے مطابق تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کا سمجھوتا یا سُستی کا مظاہرہ  نہ کیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی جیل خانہ جات کے دورے کے دوران اسیران اور ان کے لواحقین کے ساتھ ساتھ جیل سٹاف کی فیملیز کو کم نرخوں پر معیاری اشیا ضرورت کی فراہمی کے لیے یوٹیلیٹی اسٹور کے لیے مناسب جگہ کا تعین کیا گیا ہے، جہاں پر ایک ہفتے میں یوٹیلیٹی اسٹور قائم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اسیران کی تعلیمی اور معلوماتی ویب سائٹس تک رسائی کے لیے انٹرنیٹ لائبریری کی بھی جلد تکمیل کی ہدایت کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp