ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ: ارشد ندیم نے تاریخ رقم کر دی

پیر 28 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی۔

ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے فائنل میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا، پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی بہترین تھرو میں جیولن کو 87.82 میٹر دور پھینکا۔

جیولین تھرو کے فائنل میں ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے 88.17 میٹر تھرو کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب وڈلیچ 86.67 میٹر تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

ارشد کا آغاز اچھا نہیں تھا ، پہلی کوشش میں 74.80 میٹر تک ہی پہنچ سکے لیکن دوسری کوشش میں شاندار 82.81 میٹر تھرو کے ساتھ مقابلے میں واپس آئے، تیسری کوشش میں ارشد ندیم نے جیولن کو 87.82 میٹر دور پھینکا اور دوسری نمبر پر رہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کا پہلا تمغہ ہے جو ارشد ندیم نے حاصل کیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ ایٹھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولن تھرو کے آخری مقابلے میں ارشد ندیم سمیت 12 ایٹھلیٹس نے حصہ لیا جن میں سے تین بھارت کے تھے۔

ارشد ندیم کی وجہ شہرت؟

ارشد ندیم نے اس وقت شہرت حاصل کی جب وہ ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں نمبر پر رہے اور ان کی اس کامیابی نے ان کی کی زندگی بدل کر رکھ دی۔

پچھلے سال ارشد ندیم نے امریکہ میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں بھی پانچویں نمبر پر رہے تھے، اس کے بعد انہوں نے برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کا اپنا بہترین تھرو کیا، جو کہ چار سالہ ایونٹ کا بھی ایک ریکارڈ تھرو ہے۔

اس کے بعد انہوں نے لندن میں کہنی اور بائیں گھٹنے کی سرجری کروائی اور ان کو صحت یاب ہونے کافی وقت لگا، رواں سال مئی میں میں کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز میں انہوں نے ایک بار پھر شرکت کی۔

ارشد ندیم کی صحت کے مسائل

اگرچہ وہ وہاں اپنی فٹنس دکھانے میں ناکام رہے اس کے باوجود انہوں نے اپنے محکمہ واپڈا کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔ اس ایونٹ میں انہیں اس وقت شدید دھچکا لگا جب ان کے دائیں گھٹنے میں چوٹ آئی جس کی وجہ سے انہیں حال ہی میں بنکاک میں منعقدہ ایشین چیمپئن شپ سے باہر ہونا پڑا تھا۔

تاہم ایک بار پھر وہ صحت مند ہو کر کھیل کے میدان میں واپس آئے اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں پاکستان کو تمغہ دلایا۔

ارشد ندیم کے گھر جشن اور میٹھائیاں تقسیم؟

جیلون تھرو مقابلے کے فائل مرحلے کے دوران خانیوال کی تحصیل میاں چنوں سے تعلق رکھنے ارشد ندیم کے گھر پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ارشد ندیم کی جیت پر جشن منایا اور میٹھائیاں تقسیم کیں۔

کامیابی سمیٹنے کے بعد ایتھلیٹ کے والدین کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔۔

ارشد ندیم کو سیاسی رہنماؤں کی مبارکباد

نگران وزیر اعظم انوار الحق بھی ارشد ندیم کی اس کامیابی پر خوش نظر آ رہے ہیں، انہوں نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پیغام میں لکھا ہے کہ کیا ہی خوشی کا لمحہ ہے کہ ارشد ندیم نے اپنی بہترین اسپورٹس مین شپ کے ذریعے پاکستان کو عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ دلایا ہے، پوری قوم اس پر خوش ہے اور ارشد ندیم پر فخر کر رہی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ارشد ندیم کو سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔

صادق سنجرانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر جا کر انعام دیں گے، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ارشد ندیم نے کم وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی دکھائی، امید ہے کہ مستقبل میں بھی ارشد ندیم کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔


سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم کو شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارشد ندیم نے ایک بار ملک کے لیے شاندار کامیابی سمیٹی ہے جس پر وہ خوش ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کر دیا ہے۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان نے بھی ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا ہے، جویریہ خان نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ارشد ندیم نے بغیر کسی مضبوط پشت پناہی کے صرف اور صرف اپنی محنت سے کامیابی کی یہ کہانی لکھی ہے۔

ارشد جیسے لوگ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ اگر ہم جہاں ضرورت ہو وہاں سرمایہ کاری کریں تو ہمیں روکنے والا کوئی نہیں ہے، یہی وقت ہے ارشد ندیم کو وہ دیا جائے جس کا مستحق ہے، پاکستان کا پرچم سربلند اور سربلند کرنے کا ارشد ندیم کا شکریہ۔

قومی کرکٹر شاداب خان نے کہا ہے کہ ’ارشد ندیم کو پورا ملک سلام پیش کرتا ہے، میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں آپ کا مداح ہوں،آپ ہمیشہ خوش رہیں۔‘

جہاں ارشد ندیم کے اس کارنامے پر پوری قوم خوش ہے وہاں ارشد ندیم خود بھی بہت پر جوش ہیں اور شاندار کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔

ارشد ندیم نے ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) پیغام میں لکھا ہے کہ کیا تھکا دینے والا دن تھا پھر بھی فائدہ مند رہا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کھلاڑی نے عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں تمغہ جیتا ہے، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے اتنا آگے جانے کی توفیق دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp