چینی حکومت کی جانب سے گوادر میں تعلیمی نظام کے بہتری کے لیے 1200 طلبا کو تعلیمی وظائف کی منظوری دی گئی ہے۔
گزشتہ روز ڈی ایچ او گوادر اور گوادر پورٹ کے جنرل مینیجر زاو یاودنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں گوادر کے تعلیمی اداروں میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس گوادر کی جانب سے گوادر کے 1200 طلبا کے لیے وظائف اور اسکالر شپ دینے کا منصوبہ پیش کیا جسے چینی حکام کی جانب سے منظور کر لیا گیا۔ منصوبے پر ستمبر میں عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے چینی اسکالرشپ کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان دنیا کے لیے ایک گیٹ وے ہے اور چین کی توجہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر سرمایہ کاری پر مرکوز ہے۔
نگراں وزیر نے بلوچستان میں مختلف منصوبوں میں تعاون پر چینی سفارتخانے کا شکریہ بھی ادا کیا۔