ورلڈ بلائنڈ گیمز میں بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، لاہور ایئرپورٹ پر قومی بلائنڈ اسکواڈ کا شانداراستقبال کیا گیا۔ واضح رہے کہ نثارعلی کی قیادت میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ورلڈ بلائنڈ گیمز کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
فاتح ٹیم میں شامل خیبرپختونخوا کے 2 کھلاڑیوں کا پشاور پہنچنے پر شانداراستقبال کیا گیا، آصف خان اور محسن خان مہمند کو ہار پہنائے گئے اور پھول نچھاور کیے گئے۔
فاتح کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ میں منعقدہ عالمی ایونٹ میں فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر انتہائی خوشی ہوئی، مستقبل میں بھی مزید بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے شکست کے خوف کی وجہ سے ہمیں ایونٹ کے لیے ویزے نہیں دیے، تاہم قومی ٹیم نے برطانیہ میں منعقدہ ایونٹ میں بھارت کو تاریخی شکست دی۔
’ایونٹ پاکستان کے نام کرکے عالمی سطح پر نام روشن کیا۔‘
برمنگھم میں ہونیوالے فائنل میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے تھے، جبکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا تھا۔
تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں کرکٹ کا گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم برمنگھم میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں ناقابل شکست رہی۔ اور ایونٹ میں بھارت کو 2 بار شکست دی ہے۔