عام انتخابات 90 روز میں کروانے کے لیے پی ٹی آئی سپریم کورٹ پہنچ گئی

پیر 28 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات 90 روز کے اندر کروانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے جانب سے عدالت عظمیٰ میں آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت کو ہدایت کی جائے کہ 90 روز میں انتخابات کروانے کا شیڈول جاری کریں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے صوبائی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے لیے متعلقہ گورنرز کو ہدایات جاری کی جائیں، جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا کے انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔

پی ٹی آئی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے 5 اگست کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹکس کے 5 اگست کے نوٹیفیکیشن کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن کی جانب سے 17 اگست کو جاری کیے گئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کو بھی کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57(1)میں الیکشن کمیشن کے شیڈول جاری کرنے کے اختیار کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، الیکشن کمیشن اور مشترکہ مفادات کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں 14 دسمبر کو مکمل ہوں گی۔ ایسے میں انتخابات 90 روز کے اندر ہونا ممکن نہیں۔

سیاسی پارٹیاں انتخابات 90 روز میں کرانے کے معاملے پر تقسیم ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن اس معاملے پر خاموش ہے اور الیکشن کمیشن کے موقف کی حمایت کر رہی ہے، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی مردم شماری کی منظوری کے وقت ساتھ ہونے کے باوجود اب 90 روز میں انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp