پاکستان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا 2 روزہ تربیتی اجلاس 30 اگست کو شروع ہو گا، دفتر خارجہ

منگل 29 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان 30 اور 31 اگست کو وفاقی دارالحکومت میں ’اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی‘ کے موضوع کے تحت اقوام متحدہ کے امن مشن کے دو روزہ تربیتی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کے روز تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کے اہم تربیتی ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی (سی آئی پی ایس) میں ہونے والے اجلاس کا شریک میزبان ہے جس میں دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو کورسز، ورکشاپس اور سیمینارز پیش کیے جائیں گے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اور وزیر دفاع تیاری اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 156 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے امن آپریشنز میں نمائندگی کرنے والے رکن ممالک مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ سیکریٹریٹ کے سینیئر حکام بشمول انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن آپریشنز، انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ اور اقوام متحدہ کے پولیس مشیر بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل مباحثے ہوں گے تاکہ استعداد کار بڑھانے کی ضروریات پر غور و خوض کیا جاسکے۔ بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی، اقوام متحدہ کے امن مشنوں کی طبی صلاحیت میں اضافہ، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک مواصلات کے شعبے زیر بحث رہیں گے۔

اجلاس میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) سے لاحق خطرات پر ماہرین بریفنگ بھی پیش کریں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کا امن مشن اقوام متحدہ کے قیام امن کے لیے ایک اہم اعلیٰ سطحی تقریب ہے جو ہر 2 سال میں منعقد ہوتی ہے جس میں وزرائے خارجہ اور دفاع شرکت کرتے ہیں۔

2023 کا وزارتی اجلاس دسمبر میں گھانا میں منعقد ہوگا، جس سے قبل 4 اجلاس ہوں گے، جن میں سے ایک کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے، جس میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس نتائج کو آسان بنانے کے لیے مخصوص شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

پاکستان پالیسی اور آپریشنل دونوں سطحوں پر اقوام متحدہ کے قیام امن کے میدان میں ایک فعال رکن ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان 1960 سے اب تک دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں 230،000 سے زیادہ مرد اور خواتین امن فوجیوں کے طور پر خدمات فراہم کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 172 پاکستانی امن دستوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے تیاری کے اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے اس کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد مختلف تنازعات والے علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp