دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی واٹس ایپ وائس کال کو مقبولیت حاصل ہو گئی ہے اور اییپلیکیشن پر دستیاب مفت کالز اور وائس میسج کی سہولت کے باعث اب لوگوں نے موبائل نیٹ ورک کے ذریعے ہونے والی سیلولر (نارمل) کال کا استعمال کم کر دیا ہے۔
موبائل پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والا شخص سال 2017-18 کے دوران اوسطاً 2.1GB انٹرنیٹ ماہانہ استعمال کرتا تھا تاہم اب اوسطاً 6.8GB انٹرنیٹ ماہانہ استعمال ہو رہا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 5 برسوں میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں 300 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ موبائل پر 3G اور 4G استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
جون 2023 میں موبائل پر 3G اور 4G استعمال کرنے والوں کی تعداد 12 کروڑ 43 لاکھ تھی جو کہ بڑھ کر 12 کروڑ 57 لاکھ ہو گئی ہے اور اسی طرح ایک ماہ میں موبائل پر 3G اور 4G استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 13 لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
وی نیوز نے تحقیق کی کہ واٹس ایپ کالز کے ایسے کیا فوائد ہیں کہ لوگوں نے اس کی وجہ سے سیلولر کال کو پس پشت ڈال دیا ہے اور اب واٹس ایپ کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ بھی جاننے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے کا رجحان کتنا بڑھ گیا ہے۔
واٹس ایپ وائس کال کے فوائد
واٹس ایپ وائس کال کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اگر آپ کا فون انٹرنیٹ سے منسلک ہے تو یہ کال بالکل فری پڑتی ہے اور ایک کال کے لیے انٹرنیٹ بھی انتہائی کم استعمال ہوتا ہے۔ اگر آپ کا فون بند ہے اور آپ کو کسی نے کال کی ہے تو واٹس ایپ وائس کال کا نوٹیفکیشن بھی آ جاتا ہے اور اس سے یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ آپ کو کب کس نے کال کی تھی۔
علاوہ ازیں نمبر آف ہونے کی صورت میں آپ کو کال کرنے والا وائس میسج بھی بھیج سکتا ہے جس سے کالر کے رابطہ کرنے کا مقصد بھی معلوم ہوجاتا ہے۔
موبائل نیٹ ورک استعمال کرنے والوں کی تعداد میں کمی
پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے کا رجحان بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ کروڑوں لوگوں نے اسمارٹ فون کا استعمال شروع کر دیا ہے اور آئے روز ایسے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن اس کے باوجود موبائل سیلولر یوزرز یعنی موبائل نیٹ ورک استعمال کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق گزشتہ سال ستمبر میں موبائل سیلولر یوزرز کی تعداد 19 کروڑ 41 لاکھ تھی جو کہ اب کم ہو 19 کروڑ 5 لاکھ رہ گئی ہے یعنی گزشتہ 10 ماہ میں 36 لاکھ یوزرز نے موبائل نیٹ ورک استعمال کرنا چھوڑ دیا ہے۔
موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں 5 سالوں میں 300 فیصد اضافہ
پاکستان میں موبائل نیٹ ورک کمپنیاں آئے روز سستے اور نئے انٹرنیٹ پیکجز متعارف کرا رہی ہیں جس کے باعث لوگوں نے انٹرنیٹ کا استعمال بہت بڑھا دیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 5 برسوں میں انٹرنیٹ کے استعمال میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔
- مالی سال 2017-18 کے دوران موبائل انٹرنیٹ صارف ایک ماہ میں اوسطاً 2.1GB انٹرنیٹ استعمال کرتا تھا۔
- مالی سال 2018-19 کے دوران 3.3GB۔
- مالی سال 2019-20 کے دوران اوسطاً 4.9GB۔
- مالی سال 2020-21 کے دوران 6.1GB۔
- مالی سال 2021-22 کے دوران موبائل پر نیٹ ورک کا انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ایک صارف اوسطاً 6.8GB انٹرنیٹ ماہانہ استعمال کر رہا ہے۔
موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کی انویسٹمنٹ میں تیزی سے اضافہ
پاکستان میں موبائل نیٹ ورک فراہم کرنے والی کمپنیوں کو انویسٹمنٹ ڈالر میں کرنی پڑتی ہے۔ ڈالر کی قیمتوں میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں اشیا کے مہنگے ہونے سے کمپنیوں کی انویسٹمنٹ بڑھ گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق سیلولر موبائل آپریٹرز نے مالی سال 2017-18 میں 727 ملین ڈالر کی انویسٹمنٹ کی ، مالی سال 2018-19 میں 585 ملین ڈالر جبکہ سال 2022-23 میں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی انویسٹمنٹ کی ہے۔
گو ان کمپنیوں نے انویسٹمنٹ تو بڑھائی لیکن ان کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔ مالی سال 2017-18 میں ان کمپنیوں کا ریونیو 383 ارب روپے تھا، 2018-19 میں 447 ارب روپے اور سال 2021-22 کے دوران ریونیو 499 ارب روپے رہا۔