پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مہنگائی اور بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کارکنان اور ذمہ داران کو مکمل تیاری کے ساتھ ملک بھر میں پُرامن عوامی احتجاج میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔
کور کمیٹی نے کہاکہ دستور اور قانون حکمرانوں کو شہریوں کا خون چوسنے اور ان کی کھال ادھیڑنے کا قطعاً حق نہیں دیتے۔ ملک و قوم پر اس تباہی کے دروازے 16 ماہ قبل وزیراعظم عمران خان کی منتخب جمہوری حکومت کے خلاف غیرجمہوری قوتوں کے شرمناک حملے کے ذریعے کھولے گئے۔
مزید پڑھیں
کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا، تیل کی منڈی میں نہایت بلند قیمتوں اور آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود عمران خان عوام کو مہنگائی اور معیشت کو تباہی سے کامیابی سے بچائے ہوئے تھے۔
’سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سازش رچائی گئی تو پیٹرول 150 روپے فی لیٹر جبکہ بجلی 16 روپے فی یونٹ میں مل رہی تھی‘۔
یہ بھی کہا گیا کہ اپنے دورِحکومت میں عمران خان نے توانائی میں خود کفالت کے لیے پن بجلی کے 10 بڑے منصوبوں پر کام کا آغاز کروایا۔ مہنگے ترین ایندھن سے چلنے والے آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدوں کی شرائط از سرِنو مرتب کرکے مالی نقصان کو کم از کم کرنے کی کوشش کی گئی۔
کور کمیٹی نے کہاکہ توانائی کے شعبے کی مجموعی اصلاحِ کار کو توجہ کا محور بنایا گیا اور قومی پیداوار کے پیشِ نظر صنعت و زراعت کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی بلاتعطّل فراہمی کا اہتمام کیا گیا۔ غریب اور نادار آبادی کو بطورِخاص مہنگائی سے بچانے کے لیے وافر مالی اعانت اور سبسڈیز کا بندوبست کیا گیا۔
16 ماہ کی حماقتیں عذاب کی صورت میں نازل ہوئیں
کور کمیٹی کے مطابق آئین اور جمہوریت کو جوتے کی نوک پر رکھ کر ملک مجرموں کے حوالے کرنے والے ظالموں نے نشاندہی کے باوجود عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کا سلسلہ جاری رکھا۔
پی ٹی آئی نے کہاکہ ان 16 ماہ کی حماقتیں آج ایک عذاب کی صورت میں عوام سے زندگی و معاش کے بنیادی حقوق چھین رہی ہیں، بیہودہ عدالتی کارروائیوں کے ذریعے قید میں ڈال کر عوام کو چیئرمین تحریک انصاف کی صورت میں گونجتی تنہا مگر توانا آواز سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہاکہ تحریک انصاف کے کارکنان اور ذمہ داران تمام تر ریاستی جبر کے باوجود عوام کی ترجمانی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔
کارکنان اور ذمہ داران عوام کی آواز بنیں، پی ٹی آئی کور کمیٹی
کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ کارکنان اور ذمہ داران بھرپور انداز میں مہنگائی و بجلی کے ناقابلِ ادائیگی بِلوں کے خلاف احتجاج میں شریک ہوں اور پرامن انداز میں عوام کی آواز بنیں۔
پی ٹی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ نگران حکومت تباہی میں شدّت پیدا کرنے کے بجائے اپنی پوری توجہ انتخابات کے بلاتاخیر انعقاد اور فیصلہ سازی کی منتخب جمہوری حکومت کو منتقلی پر مرکوز کرے۔
کور کمیٹی نے کہاکہ سازشوں کے جال بُننے کے بجائے جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کو فیصلہ کن تسلیم کیا جائے اور 90 روز کی آئینی مدت میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کا اعلان اور اہتمام کیا جائے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ملک و ملت کو مہنگائی و تباہی کی دلدل سے نکال کر استحکام و ترقی کی راہ پر ڈالنے کی صلاحیت اور عزم سے لیس ہے۔