پاکستان نے نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔ قومی ٹیم کی قیادت کپتان بابراعظم کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق پاکستان اور نیپال بدھ 30 اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں دوپہر اڑھائی بجے مدمقابل آئیں گے۔
مزید پڑھیں
ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کے لیے نیپال کے خلاف جس پلیئنگ الیون کا اعلان کیا گیا ہے اس میں افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم 3 فرنٹ لائن فاسٹ باؤلرز اور اور 3 سپن آل راؤنڈرز کے ساتھ جائے گی۔
نیپال کے خلاف میچ میں کپتان بابر اعظم، وائس کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ کپتان بابر اعظم نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہاکہ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز اچھی رہی، دونوں ملکوں کےدرمیان میچ ہمیشہ ہی اہم ہوتا ہے۔
بابر اعظم نے کہاکہ ہم کسی بھی حریف ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، ہمارا فوکس گیم پر رہا اسی وجہ سے عالمی نمبر ون بننے میں کامیاب ہوئے۔