پاکستان میں ایشیاکپ: بھارتی میڈیا کیا کہہ رہا ہے؟

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ کا 16واں ایڈیشن 15 سال بعد پاکستان کے شہر ملتان سے شروع ہوچکا ہے۔ گزشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تریشالا گورونگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

 ایشیا کپ میں صحافتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے بھارتی صحافی بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جہاں ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب موضوع بحث رہی، وہیں افتتاحی تقریب کے دوران خالی اسٹیڈیم بھی صارفین کی نظروں سے اوجھل نہ ہوسکا۔

۔بھارتی صحافیوں نے جہاں خالی کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا وہیں پاکستانی صارفین کا کہنا تھا کہ ملتان کی شدید گرمی میں دن کے وقت بھرے ہوئے اسٹیڈیم کی توقع کرنا بے وقوفی ہے۔

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا
ملتان میں صرف چند سو تماشائیوں کے سامنے ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب دیکھ کر مایوسی ہوئی۔ بہت مایوس کن

بھارتی صحافی ستیا پرکاش نے ایکس پر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں اتنے سالوں بعد ایک ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ اور ہوم ٹیم کھیل رہی ہے لیکن سٹیڈیم خالی ہے۔ جب نیپال کی ٹیم نیپال میں کھیل رہی تھی تب کے مناظر دیکھیں۔ نیپالی ٹیم بہتر کراؤڈ کی مستحق ہے۔

 


خالی اسٹیڈیم پر تبصرہ کرتے ہوئے کھیلوں کی خبروں پر نظر رکھنے والے ایک اور بھارتی صحافی ایش نے لکھا پاکستان میں اتنے سالوں بعد ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ اور اسٹیڈیم بالکل خالی۔


جہاں بھارتی صحافیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں بھارتی صارفین بھی اس کام میں پیچھے نہ رہے ، ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کیا پاکستان میں اب تک لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوا۔ اسٹیڈیم خالی کیوں ہے؟


ایک اور بھارتی صحافی راہول نندا نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا خالی اسٹیڈیم دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔


جوں ہی دن گزرا اور درجہ حرارت کم ہوا تو شائقین کرکٹ نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداحوں سے بھر گیا جس کے بعد پاکستانی صارفین نے بھارتی صحافیوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے بھرے ہوئے اسٹیڈیم کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اب خوش ہیں؟


ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہمارا ایشیا کپ ہماری مرضی


ایک اور صارف نے اسٹیڈیم کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا اچھا تو یہ چند سو تماشائی ہیں؟


صارفین کا کہنا تھا ورکنگ ڈے ہونے اور ملتان میں معمول سے درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے دن کے وقت تماشائی نہ آسکے لیکن شام ہوتے ہی ہم نے اپنی کرکٹ ٹیم کو مایوس نہیں کیا اور ان کو سپورٹ دینے کے لیے ہم پہنچ ہی گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp