سید علی گیلانی کی دوسری برسی: کشمیری رہنماؤں کی جانب سے مرحوم کا مشن جاری رکھنے کا عزم

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے رہنماؤں اور تنظیموں نے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ کشمیری عوام ان کے عظیم مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے  بھی سید علی شاہ گیلانی مرحوم کو ان کی قربانیوں اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی مرحوم کی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے قربانیوں اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کے لیے بے مثال جدو جہد کی جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی رہتی دُنیا کے لیے مثال ہے: راجہ پرویز اشرف

سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کی خاطر قید و بند کی طویل صوبتعیں برداشت کیں اور 7 لاکھ بھارتی فوج کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ سید علی شاہ گیلانی کی کشمیر کی آزادی کےلیے غیر متزلزل لگن اور جدو جہد کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت میں بے خوفی اور غیر متزلزل عزم کا ایک ایسا نمونہ تھے جن کو رہتی دنیا تک ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک ولولہ انگیز حریت پسند سیاسی رہنما تھے، جن کی آواز کو پوری دنیا میں سنا جاتا تھا اور انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

کشمیری عوام کے لیے علی گیلانی کی جدوجہد مشعل راہ ہے: اسپیکر قومی اسمبلی

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر جس جرات اور بہادری کے ساتھ بھارت کی راستی دہشت گردی اور مظالم کا مقابلہ کیا اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حریت قیادت کو سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے لیے جدو جہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق یعنی حق خودارادیت سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا دیرینہ مسئلے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل وقت کی ضرورت ہے ۔

سپیکر قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل میں پابند سلاسل ہیں جو دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔

اقوام متحدہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دے: کشمیری رہنما

ادھر کشمیری رہنماؤں نے اقوام متحدہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق یعنی حق آزادی کو سلب نہیں کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادی دلوانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہییے۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور مقبوضہ کشمیر کے باسی آزادی کی عظیم نعمت کبریٰ کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے اور آزاد فضا میں اپنے مذہبی رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کریں گے۔

سید علی گیلانی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے تحریک آزادی آگے بڑھائیں گے: کشمیری رہنما

سید علی گیلانی زندگی بھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی وکالت کرتے رہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینیئر رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کے لیے زندگی بھر کی جدوجہد کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کے لیے غیر متزلزل جدوجہد اور قربانی کشمیری عوام کے لیے ایک قابل فخر میراث ہے جو کشمیریوں کی آنے والی نسلوں تک منتقل ہو گی اور انہیں بزرگ رہنما کی جدوجہد متاثر کرتی رہے گی۔

مولوی بشیر، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل، غلام نبی سمجھی، محبوبہ مفتی کا علی گیلانی کو خراجِ عقیدت

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں مولوی بشیر احمد عرفانی، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل، غلام نبی سمجھی، غلام محمد خان سوپوری، بلال احمد صدیقی، محمد یوسف نقاش، فریدہ بہن جی، محمد عاقب، یاسمین راجہ اور محبوبہ مفتی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جاری جدوجہد میں سید علی گیلانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام اور ان کے حق خودارادیت کے لیے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ قائد نے تنازع کشمیر کے حوالے سے اپنے مؤقف پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔سید علی گیلانی کشمیریوں کی ایک توانا آواز تھے۔

محمود احمد ساغر، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی کا علی گیلانی کو خراجِ عقیدت

دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنونیئر محمود احمد ساغر، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، شیخ محمد یعقوب، مشتاق احمد بٹ، سید منظور احمد شاہ اور مشتاق حسین گیلانی نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنما تھے، وہ جبر و استبداد کے خلاف ہمت، بہادری اور ثابت قدمی کی علامت تھے۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنما کی جدوجہد، جرات اور قربانیاں دنیا کی ان مظلوم قوموں کو متاثر کرتی رہیں گی جن کی آزادی جارح ملکوں نے سلب کر رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا مشن اور نظریات زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے اور انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کو جموں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرنے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے پر مجبور کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp