معیشت دباؤ میں ہے، اسمگلنگ میں ملوث افسران کو نشان عبرت بنا دیا جائے، وزیراعظم انوار الحق

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کسٹم حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی مصنوعات اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کو سختی سے روکا جائے۔

وہ پاکستان میں سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

بریفنگ

اس موقع پر وزیراعظم کو ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں مختلف اشیاء کی اسمگلنگ کی صورتحال اور اس لعنت کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دس اضافی چیک پوسٹوں کو نوٹیفائی کیا گیا تھا۔

اسمگلنگ میں ملوث افسران کو عبرت ناک سزا دینے کی ہدایت

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے میں سمگلنگ میں ملوث افسران کے بارے میں انٹر ایجنسی رپورٹ تیار کی جائے۔

انہوں نے بلوچستان میں اسمگلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنے اور انہیں عبرت ناک سزا دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے محصولات میں کمی اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ پڑ رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو اسمگلنگ کی صورتحال اور اسے روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ہفتہ وار اجلاس

انہوں نے کہا کہ وہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور اسمگلنگ کی لعنت کو روکنے کے لیے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ ایران کے ساتھ سرحدی بازاروں کو مزید قابل عمل بنایا جائے تاکہ مناسب دستاویزات کے ساتھ تجارت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ سے قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور اسمگلنگ کا مسئلہ ختم کرنا بہت ضروری ہے۔

اسمگلنگ میں 40 فیصد کمی

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں سے اسمگلنگ میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔ انہیں اسمگلنگ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے محکموں کی حکمت عملی کے بارے میں بتایا گیا۔

اجلاس میں نگراں وفاقی وزراء تجارت گوہر اعجاز، وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، وزیر پٹرولیم محمد علی، وزیراعظم کے مشیر احمد چیمہ، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ سطح کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبائی چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل پولیس نے ویڈیو لنک کے ذریعے ہوئے۔

وزیر اعظم کا ٹوئٹ

بعد وزیر اعظم نے اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کی ایک بڑی وجہ اسمگلنگ بھی ہے۔ tax چوری اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سمیت بہت سے مسائل سمگلنگ سے جڑے ہوئے ہیں۔ آج میں نے سمگلنگ روکنے اور اس میں ملوث حکام کے خلاف سخت ترین کاروائی کرنےکا حکم دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp