پاکستان پالیسی اور آپریشنل دونوں لحاظ سے امن فوج میں اہم کردار نبھا رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان پالیسی اور آپریشنل دونوں سطحوں پر اقوام متحدہ کی امن فوج میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے۔

ترجمان نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا شمار اقوام متحدہ کی امن فوج کو سب سے زیادہ فوجی دینے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے وزارتی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں 2 روزہ اجلاس جاپان کی مشترکہ میزبانی میں ’اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوا۔

 

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے امن مشن کے وزارتی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے ہماری مسلسل وابستگی کی نشاندہی کرتی ہے جس کا مقصد مختلف تنازعات والے علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

وزارتی اجلاس گھانا میں دسمبر میں ہوگا

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا وزارتی اجلاس رواں سال دسمبر میں گھانا میں منعقد کیا جائے گا جبکہ اس کی تیاری کے لیے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) سے لاحق خطرات پر گفتگو اور بریفنگ بھی دی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کے سینیئر حکام اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ اس موضوع پر مقامی اور بین الاقوامی ماہرین نے بھی شرکت کی۔ دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل ڈسکشنز منعقد ہوئے جن میں صلاحیت سازی کی ضروریات، بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کی حفاظت، اقوام متحدہ کے امن مشن کی طبی صلاحیت کو بڑھانے کے علاوہ ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک مواصلات سے فائدہ اٹھانے پر غور کرنا شامل تھا۔

’تیاری اجلاس سے نگراں وزیرخارجہ و سیکریٹری خارجہ نے بھی خطاب کیا‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ مذکورہ اجلاس سے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ اپنے اختتامی خطاب میں سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر محمد سائرس سجاد قاضی نے قیام امن کے مستقبل کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن فوج کے تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنائے گا تاکہ اسے مزید مستحکم اور مضبوط بنایا جاسکے۔

’ہماری خواتین یو این امن دستے میں اہم کرادار نبھاتی رہیں گی‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پیدل فوج کے یونٹوں کا وعدہ کرنے کے علاوہ پاکستان ایوی ایشن، سگنلز ٹیکنالوجی، مائن ایکشن، میڈیکل سپورٹ، پیس کیپنگ انٹیلیجنس اور جدید صلاحیتوں کی تعمیر کے شعبوں میں اپنے وعدوں کو مضبوط کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مفت طبی کیمپوں کے انعقاد، صدمے اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے، ضروری انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت پیشہ ورانہ اور ہنر مندی کی تربیت کو بڑھا کر کمیونٹی کی شمولیت کو بھی فروغ دے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواتین امن دستے کی ان تمام کوششوں میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp