پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا ’منترہ‘ ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ہے، اسحاق ڈار

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا ’منترہ‘ ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ہے، نگراں حکومت تمام پالیسیوں کو ایک ساتھ لے کر چلے تو ملک بہتر ہو گا۔

لندن میں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ جب نواز شریف کو اقتدار سے ہٹائے گئے تھے تو اس وقت پاکستان کی معیشت جنوبی ایشیا کی سب سے بہترین معیشتوں میں شمار ہوتی تھی ۔ دُنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریفیں کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مختصر مدت کے لیے اقتدار ملا تو ہم نے تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کیں۔ کسی سے کوئی چیز طے نہیں کی ۔  نگراں حکومت اگر تمام پالیسیوں کوایک ساتھ لے کر چلے تو ملک کی صورت حال بہتر ہو جائے گی۔ ہمارے معاشی اقدامات کی بدولت پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا ’منترہ‘ ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ 4 سال میں ملک کی معیشت کو 47 ویں نمبر پر پہنچا دیا گیا تھا اس لیے گزشتہ 4 سالوں میں جو تباہی کی گئی وہ ایک سال میں ٹھیک نہیں ہو سکتی تھی، پھر بھی ہم نے ملک کو بڑے بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کی۔ اسی طرح 2013 میں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے بہت سے مسائل تھے جن پر ہم نے قابو پانے کی کوشش کی، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں جب ہم نے اقتدار چھوڑا تو دُنیا پاکستان کی تعریف کر رہی تھی، اس وقت معیشت وہاں لے کر گئے جہاں ہم 24 ویں معیشت بن گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں بھی ’پی آئی اے ‘ کی ری اسٹرکچرنگ کرنا چاہتے تھے، آئندہ اقتدار میں آئے تو پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ ضرور کریں گے۔اس وقت ہم نے ملک کی بہتری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ’ضرب عضمب‘ اور ’ردالفساد‘ شروع کیا، جس کے فوائد سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی کے ساتھ اسپیکولیٹرز کھیل رہے ہیں۔ میں نے ان اسپیکولیٹرز کا کھیل پہلے بھی دیکھا ہوا ہے اس لیے میں ہوا میں نہیں کہتا تھا کہ ڈالر کی قیمت 200 روپے ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp