عمران خان انتہائی کمزور ہو چکے، ان کے سیل میں کیڑے مکوڑے چھوڑے گئے: سلمان صفدر

ہفتہ 2 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سلمان نے کہا ہے کہ اٹک جیل میں عمران خان کے سیل میں کیڑے مکوڑے چھوڑے گئے تھے۔ ایک ہفتہ فرش پر سلایا گیا۔ وہ انتہائی کمزور ہو گئے ہیں۔

وی نیوز سے خصوصی انٹرویو میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ان کی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان سے اٹک جیل میں ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سے ملاقات کے لیے عمران خان کو سخت سیکیورٹی حصار میں اٹک جیل کے اندر سے سوزوکی پک اپ کے ذریعے جیل کے اندر بنے ملاقاتی روم میں  لایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ’ عمران خان نے بتایا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کی معطلی سے قبل انہوں نے قیدیوں والا لباس پہنا ہوا تھا اور داڑھی بھی بڑھی ہوئی تھی، توشہ خانہ کیس میں سزا کی معطلی کے بعد انہیں دوسرے سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے داڑھی کسی احتجاج کی وجہ سے نہیں بڑھائی تھی بلکہ انہیں ریزر اور شیشہ ہی دستیاب نہیں تھا، جس کی وجہ سے داڑھی بڑھ گئی۔

سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بتایا کہ ’ واش روم کی دیوار اونچی کر دی گئی ہے لیکن کیمرہ کے ساتھ ان کے سیل کی نگرانی جاری ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب تو انہوں نے جیل کے حالات سے سمجھوتا ہی کرلیا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے بتایا کہ شروع کے 7 دن جیل میں گزارنا مشکل تھے، کھانا آج بھی جیل والا ہی دیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی ) جیل خانہ جات نے سپریم کورٹ میں دیسی مرغی اور دیسی گھی کے کھانے کی  جو رپورٹ جمع کرائی ہے وہ غلط اور حقائق کے برعکس ہے، جیل میں کھانے کے لیے انہیں ایسا کچھ بھی نہیں دیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے عالمی سیاست اور پاکستانی سیاست پر مختلف لکھاریوں کی لکھی گئی کتابیں منگوائی ہیں۔ اس کے علاوہ پنسل اور نوٹ بک بھی جیل میں دی گئی ہے جس پر انہیں بہت خوشی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان نے دوران ملاقات مزید بتایا کہ انہیں کتابوں کے مطالعے کے دوران جو بات اچھی لگتی ہے وہ نوٹ بک پر لکھ دیتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے یہ بھی بتایا کہ وہ جیل میں ترجمہ والا قرآن پاک بھی پڑھ رہے ہیں۔ شام کو کمرے کے سامنے چھوٹا سا باغیچہ ہے وہاں ٹہل بھی لیتے ہیں۔ جیل میں موجود دیگر قیدیوں کو ان سے دور رکھا گیا ہے تاکہ وہ کسی سے گپ شپ نہ کر سکیں۔

 عمران خان جلد رہا ہو جائیں گے

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف سائفر کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، جس سیکریٹ ایکٹ کے تحت عمران کو گرفتار کیا گیاہے انہوں نے وہ جرم کیا ہی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب عمران خان کی حکومت تھی تو کابینہ اجلاس میں سائفر کو ڈی کلاسیفائی کر دیا گیا تھا تو پھر سیکرٹ ایکٹ کے تحت اس کے خلاف کارروائی کیسے ہوسکتی ہے۔

سلمان صفدر کا مزید کہنا تھا کہ’ سائفر کی گمشدگی ہو ہی نہیں سکتی، سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ’سائفر‘ وزارت داخلہ کے پاس ہے۔ اس لیے اس کیس میں کچھ نہیں ہے ،عمران خان جلد رہا ہو جائیں گے۔

عمران خان کا جیل میں مورال انتہائی بلند ہے

بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان کا جیل میں مورال انتہائی بلند ہے وہ بالکل گھبرائے ہوئے نہیں تھے۔

انہوں نے حتیٰ کہ مجھ سے اتنا بھی نہیں پوچھا کہ میں کب تک رہا ہوجاؤں گا۔ اس کے برعکس ان کا کہنا تھا’ میں اب ان حالات کا عادی ہوتا جارہا ہوں‘۔

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ جو شخص جیل میں ہوتا ہے، وہ اپنے وکیل سے سب سے پہلا سوال ہی یہ کرتا ہے کہ وہ کب رہا ہو رہا ہے؟ لیکن عمران خان نے اپنی رہائی سے متعلق کوئی بھی بات نہیں کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp