ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت آمنے سامنے، کون سی ٹیم فیورٹ ہوگی؟

ہفتہ 2 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا ہائی ولٹیج ٹاکرا آج سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، تاہم کون سی ٹیم فیورٹ ہوگی اس پر ماہرین کیا کہتے ہیں؟

پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ آج ہفتہ کو روایتی حریف بھارت کے خلاف پالے کیلی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، کینڈی میں کھیلے گا، یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔

سابق کرکٹر اور فاسٹ بولر شعیب اختر کہتے ہیں کہ آج کا میچ بہت اہم ہے دونوں ٹیمیں بھرپور کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ بیٹنگ کرے گی اور بڑے سے بڑا اسکور کرنے کی کوشش کرے گی۔

اس قبل پیش گوئی کی جا رہی تھی کہ پالے کیلے میں مسلسل 2 دن سے بارش جاری ہے اور میچ والے دن بھی بارش کا امکان ہے۔ لیکن آج کرکٹ میچ کے لیے موسم بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ بارش کے امکانات بھی کم ہوگئے ہیں۔

موسم کی پیش گوئی کرنے والی مختلف ویب سائٹس پر کینڈی کا موسم بہتر بتایا جارہا ہے۔ تازہ پیش گوئی کے مطابق دن 2 سے 3 بجے کے درمیان بارش کا 40 سے 60 فیصد امکان ہے۔

سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ کینڈی میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور ہلکی ہلکی بارش ہو رہی ہے، تاہم موسم صاف ہونے امکان بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یاد رکھیں یہ صرف ایک میچ ہے، شائقین اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کریں، کیوںکہ ایک ٹیم جیتے گی اور ایک ہارے گی، بھرپور کرکٹ کو انجوائے کریں۔

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا کتنی بار ہوچکا

اس سے قبل ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا 15 بار ہو چکا ہے، جبکہ بھارت 8 بار جیت چکا ہے اور پاکستان صرف 6 بار جیت سکا ہے، یوں تو ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا فتوحات کے اعتبار سے پلڑا بھاری ہے۔

کپتان بابر اعظم کا کیا کہنا ہے؟

ایشیا کپ 2023 میں پاکستان اوربھارت کے درمیان میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کا ٹیم پر کوئی پریشر نہیں ہے، لڑکے پرجوش ہیں، اپنا مومینٹم برقرار رکھیں گے۔ ہم پچھلے ڈھائی مہینوں سے یہاں سری لنکا میں ہی ہیں، ہم نے افغانستان کے خلاف سیریز یہیں کھیلی اور کچھ کھلاڑیوں نے لنکا پریمیر لیگ میں بھی حصہ لیا۔

بابر اعظم نے کہاکہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہاں کی کنڈیشز بارے کافی چیزیں معلوم ہیں اور میرے خیال میں کینڈی کی وکٹ کافی اچھی ہے۔ اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے اور ہم کوشش کریں گے، نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں، سب لڑکے فارم میں ہیں اور انشاء اللہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

کیا بھارت کو پاکستانی بولرز کا خوف ہے؟

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کینڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ نیٹ میں ہمارے پاس شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ جیسے بولرز نہیں ہیں، دستیاب ٹیلنٹ کے ساتھ ہی پریکٹس کرتے ہیں۔ تینوں پاکستانی پیسرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

پاکستان کے پاس ہمیشہ سے ہی کوالٹی بولرز رہے ہیں، ہمیں ان کی اس قوت کا علم ہے، اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے ان کا سامنا کرنا ہوگا، ہم سب کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو اچھی پوزیشن پر رکھیں۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لیے بیانات دیے ہیں اور شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز 30اگست اور 17ستمبر 2023 تک ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ کے طور پر پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائیگا۔

پاکستان اسکواڈ:

پاکستان اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر) محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بھارتی اسکواڈ:

بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، شبمن گل، ہاردیک پانڈیا، رویندار جدیدا، جسپرت بمرا، محمد شامی، کُلدیپ یادو، شریاس آئیر اور محمد سراج ٹیم کا حصہ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp