‘بلوچستان کی تاریخ کی پہلی خاتون ایس ایس پی، قوم کو آپ پر فخر ہے’

ہفتہ 2 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

31 اگست کو محکمہ پولیس کی جانب سے بلوچستان میں گریڈ 18 اور 19 کے اعلٰی پولیس افسران کے تبادلے کیے گئے، اعلامیے کے مطابق ان تبادلوں 10 گریڈ 19 جبکہ 35 گریڈ 18 کے افسران شامل تھے۔ اس دوران دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ بلوچستان میں میاں اور بیوی دونوں ایس ایس پی ہیں اور ضلع جعفرآباد اور ضلع نصیر آباد میں بطور ایس ایس پی پولیس تعینات ہیں۔

بلوچستان کے نصیر آباد ڈویژن کے ضلع جعفرآباد میں ایس ایس پی محمد انور بادینی کے تبادلے کے بعد بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ایس ایس پی فریال فرید کو ایس ایس پی جعفرآباد تعینات کر دیا گیا۔ جعفرآباد میں نئی تعینات ہونے والی ایس ایس پی فریال فرید کے شوہر محمد سمیع ملک کو قریبی ضلع نصیرآباد میں ایس ایس پی تعینات کر دیا گیا ہے۔

پہلی خاتون ایس ایس پی فریال فرید کون ہیں؟

بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں تعینات ہونے والی سی ایس پی آفیسر فریال فرید بلوچستان میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون ایس ایس پی ہیں۔

فریال فرید کا تعلق پنجاب کے ضلع جہلم سے ہے۔ انہوں نے 44 کامن ٹریننگ پروگرام میں تربیت حاصل کی جبکہ دوران تربیت اپنی صلاحیتوں کے بھرپور مظاہرے پر اعزازی شمشیر حاصل کی۔

فریال فرید اسلام آباد پولیس کے لیے بھی اپنی خدمات دے چکی ہیں جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔

میاں بیوی کی 2 اہم اور قریبی اضلاع میں بطور ایس ایس پی تعیناتی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی جبکہ تعیناتی کے سوشل میڈیا پر بھی چرچے ہیں۔

واضح رہے بلوچستان کے دونوں اضلاع نصیر آباد اور جعفر آباد کے درمیان صرف 10 کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp